Time 08 جنوری ، 2024
پاکستان

ایم کیو ایم پاکستان کا وزارتِ عظمیٰ کیلئے نواز شریف کو ووٹ دینے کا اعلان

وزیراعظم کے انتخاب کا موقع آیا تو ایم کیو ایم کا ووٹ نواز شریف کے سیاسی پلڑے میں ہوگا: امین الحق— فوٹو:فائل
وزیراعظم کے انتخاب کا موقع آیا تو ایم کیو ایم کا ووٹ نواز شریف کے سیاسی پلڑے میں ہوگا: امین الحق— فوٹو:فائل

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان نے وزارتِ عظمیٰ کیلئے مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کو ووٹ دینے کا اعلان کردیا۔

کراچی میں متحدہ قومی موومنٹ اور مسلم لیگ (ن) کے درمیان سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے حوالے سے مذاکرات کا ساتواں راؤنڈ ختم ہوگیا۔

کراچی میں انتخابی اتحاد سے متعلق ایم کیو ایم پاکستان اور مسلم لیگ ن کے درمیان مذاکرات کا 7 واں راؤنڈ نتیجہ خیز رہا۔

مذاکرات میں مسلم لیگ (ن)  کی جانب سے رانا مشہود کے علاوہ نہال ہاشمی، ناصر الدین اور محمود علی جبکہ ایم کیو ایم کی طرف سے امین الحق،جاوید حنیف اور حسان صابر شامل تھے۔

مسلم لیگ ہاؤس میں منعقدہ اجلاس کے بعد ایم کیو ایم رہنما امین الحق نے اعلان کیا کہ وزیراعظم کے انتخاب کا موقع آیا تو ایم کیو ایم کا ووٹ نواز شریف کے سیاسی پلڑے میں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ معاملات کو حتمی شکل دیدی گئی ہے، این اے 242 پر شہباز شریف الیکشن لڑیں گے یا مصطفیٰ کمال؟ یہ فیصلہ شہباز شریف اور خالد مقبول مل کر خود کریں گے۔

ایم کیو ایم رہنما نے دعویٰ کیا کہ سندھ میں اگلی حکومت مسلم لیگ ن اور ایم کیو ایم مل کر بنائیں گے۔

ن لیگ کے رہنما رانا مشہود نے کہاکہ 15 سال کے دوران سندھ میں 2200 روپے آئے مگر ترقی کہیں نظر نہیں آتی، ہم نے سندھ سے لوٹ مار کی سیاست ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

مذاکرات کے بعد نواز شریف کی نااہلی ختم ہونے پر مٹھائی بھی بانٹی گئی۔

مزید خبریں :