Time 11 جنوری ، 2024
پاکستان

’پی ٹی آئی کے ساتھ لاڈلا ازم اب بھی جاری ہے‘، عطا تارڑ کی بلے کا نشان ملنے پر تنقید

یہ کوئی طریقہ نہیں کہ الیکشن آ رہا ہے تو پی ٹی آئی کی سہولت کاری کی جائے: عطا تارڑ، پارٹی کو انتخابی نشان سے محروم کرنا اس کو غیر فعال کرنے کے مترادف ہے: ولید اقبال— فوٹو:
یہ کوئی طریقہ نہیں کہ الیکشن آ رہا ہے تو پی ٹی آئی کی سہولت کاری کی جائے: عطا تارڑ، پارٹی کو انتخابی نشان سے محروم کرنا اس کو غیر فعال کرنے کے مترادف ہے: ولید اقبال— فوٹو: 

پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما عطا تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ساتھ اب بھی لاڈلا ازم جاری ہے۔

جیو نیوز کے پروگرام کیپیٹل ٹاک میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ کوئی طریقہ نہیں کہ الیکشن آ رہا ہے تو پی ٹی آئی کی سہولت کاری کی جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نے انٹرا پارٹی انتخابات نہ کرانے والی 20 جماعتوں کی فہرست جاری کی، پی ٹی آئی نے پارٹی کا آئین منظور نہیں کرایا، اپنے انٹرا پارٹی الیکشن کا شیڈول جاری نہیں کیا، جس نے جرم کیا ہے اسے سزا تو بھگتنا ہوگی، جواب تو دینا ہوگا۔

پروگرام میں بات چیت کرتے ہوئے سابق سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا کہ بلے کا نشان ملنے کے بعد بھی تحریک انصاف کیلئے مشکلات ختم ہوتی نظر نہیں آرہیں۔

جسٹس مظاہر نقوی کیخلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں زیر سماعت معاملے سے متعلق بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جسٹس مظاہر نقوی کو کوئی استثنیٰ حاصل نہیں، ان کا احتساب ہونا چاہیے۔

میزبان حامد میر سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے سینیٹر ولید اقبال نے کہا کہ پارٹی کو انتخابی نشان سے محروم کرنا اس کو غیر فعال کرنے کے مترادف ہے۔

مشرف کیس پر تبصرہ کرتے ہوئے ولید اقبال کا کہنا تھا کہ انہوں نے بانی پی ٹی آئی کو مشورہ دیا تھا کہ مشرف کے کیس میں ملوث نہ ہوں۔

مزید خبریں :