14 جنوری ، 2024
اسرائیل کے دارالحکومت تل ابیب میں اسرائیلی مغویوں کی رہائی کیلئے نکالی گئی احتجاجی ریلی میں اسرائیلی وزیر بینی گینٹز سمیت اعلیٰ شخصیات نے شرکت کی۔
عرب میڈیا کے مطابق احتجاجی ریلی میں اسرائیلی جنگی کابینہ کے ایک اور رکن گادی ایسین کوٹ بھی شریک ہوئےجبکہ اسرائیل کیلئے امریکی سفیر اور فرانسیسی صدر نے بھی ویڈیو کانفرنس کے ذریعے ریلی سے خطاب کیا۔
احتجاجی ریلی میں شریک ہونے والے اسرائیلی وزیر بینی گینٹز نے سوشل میڈیا پر تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا ذمہ داری ہم پر عائد ہوتی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز اسرائیلی مغویوں کو ادویات کی فراہمی سے متعلق حماس اور اسرائیل کے درمیان معاہدہ طے پایا تھا۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق اسرائیل اور حماس میں معاہدہ قطر کی سفارتی کوششوں کے نتیجے میں طے پایا جس کے تحت حماس یرغمال اسرائیلی فوجیوں اور شہریوں کو علاج کی سہولت دے گا۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق معاہدے کے تحت اسرائیل غزہ کے لیے امداد میں ادویات اور دیگر اشیا کی مقدار بڑھا دے گا۔
دوسری جانب اسرائیلی میڈیا نے غزہ میں اسرائیلی فوج کے ایک افسر کے مارے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریزرو میجر ڈین ویڈن بام ہفتہ کو وسطی غزہ میں حماس سے جھڑپ میں مارا گیا۔