15 جنوری ، 2024
کراچی سے لاہور کے لیے روانہ ہونے والی شالیمار ایکسپریس کو پیر کی صبح بن قاسم کے قریب معمولی حادثہ پیش آیا تھا جس کے بعد اب ٹرین اپنی منزل کی جانب روانہ کردی گئی۔
ریلوے حکام کے مطابق کراچی سے لاہور جانے والی 27 اپ شالیمار ایکسپریس کو حادثہ بن قاسم کے قریب پیش آیا تھا جس میں ٹرین کی تین بوگیاں پٹری سے اتر گئی تھیں۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی کراچی کینٹ ریلوے اسٹیشن سے امدادی ٹیمیں روانہ کی گئی تھیں تاہم حادثے کے نتیجے میں خوش قسمتی سے کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
حادثے کی وجہ سے شالیمار ایکسپریس 6 گھنٹے سے زائد تاخیر کا شکار ہوئی۔
واضح رہےکہ شالیمار ایکسپریس کو گزشتہ 2 ہفتوں کے دوران سندھ میں یہ دوسرا حادثہ ہے، گزشتہ منگل کو بھی سندھ میں پڈ عیدن کے قریب اسی چلتی ٹرین کی ٹرالی ٹریک پر گرگئی تھی۔