Time 16 جنوری ، 2024
دنیا

بحیرہ احمر میں حوثیوں کا امریکی بحری جہاز پربیلسٹک میزائل سے حملہ

فوٹو: رائٹرز
فوٹو: رائٹرز 

بحیرہ احمر میں یمن کے حوثیوں نے امریکی بحری جہاز پربیلسٹک میزائل سے حملہ کیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بحیرہ احمر میں حوثیوں نے امریکی بحری جہاز کو بیلسٹک میزائل سے نشانہ بنایا، امریکی فوج نے واقعہ کی تصدیق کر دی ہے۔

امریکی فوج کے مطابق یمن سے داغا گیا اینٹی شپ بیلسٹک میزائل حملہ امریکی ملکیت کے مارشل آئی لینڈز جھنڈا بردار جہاز پر ہوا، میزائل حملے میں کوئی زخمی نہیں ہوا، جہاز کو بھی زیادہ نقصان نہیں پہنچا،حملے کے بعد بحری جہاز اپنی منزل کی طرف رواں ہے۔

ادھر حزب اللہ رہنما حسن نصراللہ نے کہا کہ بحیرہ احمر میں جہازوں پر حملے اسرائیلی جارحیت کے جواب میں یمن کاکم ترین ردعمل ہیں۔

واضح رہے کہ یمن کے حوثی باغی اسرائیل کی جانب سے غزہ کی پٹی میں فلسطینیوں کے خلاف جاری نسل کشی کے جواب میں اسرائیل جانے والے بحری جہازوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔

دنیا کی دو سب سے بڑی شپنگ کمپنیوں، MSC اور Maersk نے بھی دسمبر میں بحیرہ احمر میں اپنا آپریشن معطل کر دیا تھا۔

18 دسمبر کو امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے حوثیوں کے حملوں کا مقابلہ کرنے کے لیے بحری فوج کی تشکیل کا اعلان کیا تاہم اسپین، اٹلی اور فرانس سمیت کئی ممالک اس اتحاد سے دستبردار ہو چکے ہیں۔

مزید خبریں :