16 جنوری ، 2024
آپ میں سے بہت سے لوگ ایسے افراد کو جانتے ہوں گے جن کے پاؤں سے بُو آتی ہے جو برداشت کے قابل نہیں ہوتی، ہوسکتا ہے آپ کے بھی پیروں میں سے بدبو آتی ہو لیکن اگر کچھ احتیاطی تدابیر اپنا لی جائیں تو یہ دوسروں سمیت آپ کے خود کے لیے بھی فائدہ مند ہوگا۔
عموماً وہ لوگ جو دن کے زیادہ تر دورانیے میں بند جوتے پہنتے ہیں وہ افراد اس مسئلے کا سامنا کرتے ہیں، پاؤں سے بدبو آنا ایک بیماری ہے ، تو آئیے جانتے ہیں کہ یہ بیماری ہوتی کیوں ہے؟
پاؤں سے بدبو آنے کی وجوہات:
پیروں کی بدبو کی سب سے بڑی وجہ پسینہ ہے جو بہتا نہیں، یعنی جب آپ جوتے پہنے ہوتے ہیں تو پسینہ پاؤں پر آتا ہے اور کافی دیر تک رہتا ہے اور اگر موزے پہنے ہوں تب صورتحال مزید بدتر ہوسکتی ہے۔
جب پسینہ بہت دیر تک موزوں اور پاؤں میں رہتا ہے تو یہ جراثیم پیدا کرتا ہے جس سے بدبو پیدا ہوتی ہے۔
سائنسی اصطلاح میں پاؤں سے بدبو آنے کی بیماری کو ’بروموڈوسس‘ کہا جاتا ہے، ایتھلیٹ یا وہ لوگ جن کے دن کا زیادہ تر وقت بند جوتے پہن کر گزرتا ہے ہے ان کے پاؤں میں فنگل انفیکشن ہونے کا تعلق بھی ’بروموڈوسس‘ سے ہی ہے۔
اگر آپ چاہتے ہیں کہ بروموڈوسس نامی بیماری سے چھٹکارا حاصل کرلیں تو اس کے لیے آپ کو پابندی سے کچھ طریقے کار اپنانے ہوں گے جن کے تحت یہ بیماری ختم ہوسکتی ہے۔
1) موزوں کو روزانہ تبدیل کریں
پاؤں سے بدبو ختم کرنے کے لیے پہلا اور بنیادی طریقہ یہ ہے کہ اگر آپ موزے پہنتے ہیں تو انہیں روزانہ تبدیل کریں، کچھ لوگ گرمیوں میں بھی جوگرز کے اندر موزے پہننے کا انتخاب کرتے ہیں، انہیں چاہیے کہ روز بدلیں۔
2) پاؤں کی اچھی طرح سے صفائی
پاؤں کو عام پانی سے دھونے کے بجائے ہفتے میں دو بار اچھی طرح دھوئیں یا مخصوص پانی میں بھگوئیں، نیم گرم پانی میں آدھا کپ ایپسم نمک ملائیں، اگر آپ کے پاس ایپسم نمک نہیں ہے تو آپ دو حصے گرم پانی میں ایک حصہ سفید یا سیب کا سرکہ ملا سکتے ہیں۔
اس پانی میں20 منٹ تک پیر بھگوئیں، ایپسم نمک آپ کی جلد سے نمی کو دور کرنے میں مدد کرتا ہے، اس لیے بیکٹیریا کا پاؤں پر رہنا مشکل ہے۔
اس کے علاوہ سرکہ آپ کے پیروں سے بیکٹیریا کو دور کرنے میں بھی مدد کرتا ہے۔
3) پیروں کو خشک رکھیں
بیکٹیریا کی پیداوار نم جگہوں پر ہوتی ہےلہٰذا آپ کے پیروں کو خشک رکھنے سے پاؤں کی بدبو کو کم کرنے میں مدد ملے گی، کسی بھی گیلے پن یا پسینے کو ختم کرنے کے لیے اپنے پیروں پر ٹیلکم پاؤڈر لگا سکتے ہیں۔
4) پاؤں کی ڈیڈ اسکن فوٹ فائلر سے رگڑ کر ہٹائیں
پاؤں کی ’ڈیڈ اسکن‘ یعنی پرانی جلد فوٹ فائلر سے رگڑ کر اتاریں، جب آپ کے پاؤں کی پرانی اور کھردری جلد پر پسینہ آتا ہے تو اس میں جراثیم پیدا ہوتے ہیں، اس لیے ضروری ہے کہ پاؤں کی پرانی جلد کو اچھی طرح صاف کیا جائے۔
5) ناخنوں کو صاف رکھیں
پاؤں سے بدبو ختم کرنے کے لیے ضروری ہے کہ آپ اپنے ناخنوں کو مستقل مزاجی سے تراشیں اور صاف ستھرا رکھیں، جہاں آپ کے پاؤں کے ناخن بڑھنا شروع ہوئے وہیں جراثیم بھی پیدا ہونا شروع ہو جاتے ہیں تو اس لیے ضروری ہے کہ انہیں کاٹ کر صاف ستھرا رکھیں۔