16 جنوری ، 2024
کراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت میں کلینک کے مالک کو بلیک میل کرنے اور رقم وصول کرنے پریو ٹیوب چینل کے مالک اور رپورٹرکیخلاف جرم ثابت ہوگیا اور دونوں ملزمان کو 5،5 سال قید اور10،10 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنادی گئی۔
انسداد دہشت گردی عدالت نے کلینک کے مالک کو بلیک میل کرنے اور رقم وصول کرنے پریوٹیوب چینل کے مالک اور رپورٹر کیخلاف کیس کا فیصلہ سنادیا۔
عدالت نے جرم ثابت ہونے پر دونوں ملزمان کو 5، 5 سال قید کی سزا سنائی اور 10، 10 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیا۔
ملزمان میں چینل مالک مزمل اسلم مونگا اور رپورٹر وسیم عباس ہاشمی شامل ہیں۔
عدالت نے ضمانت پر رہا دونوں ملزمان کو کسٹڈی میں لے کر جیل بھیجنے کا حکم دیا۔
ملزمان کیخلاف کلینک مالک عارف سولنگی نے عزیز بھٹی تھانے میں مقدمہ درج کرایا تھا۔ پراسکیویشن کے مطابق گزشتہ سال رپورٹر اپنے کیمرا مین کے ساتھ عارف سولنگی کے کلینک آیا، کلینک کی ویڈیو بنائی اور ڈیل کے لیے دھمکیاں دیں۔
ملزمان نے اپنا موبائل نمبر دیا اور تین لاکھ روپے طلب کیے تھے ، ملزمان کے دفتر جاکر ڈیڑھ لاکھ روپے دیے، ملزمان نے ایزی پیسہ کے ذریعہ بھی پیسے وصول کیے ہیں۔