Time 17 جنوری ، 2024
پاکستان

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کا ’عوامی معاشی معاہدے‘ کا اعلان

فوٹو: اسکرین گریب
فوٹو: اسکرین گریب

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے عوامی معاشی معاہدے کے تحت مفت تعلیم، ہاری کسان کارڈ، مزدور کارڈ، یوتھ کارڈ اور حاملہ خواتین اور بچوں کیلئے وظیفوں سمیت ملازمین کی تنخواہوں میں سالانہ اضافے کے وعدوں کے ساتھ اپنے انتخابی منشور کا اعلان کردیا۔

لاڑکانہ میں ’عوامی معاشی معاہدے‘ کی لانچنگ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ حکومت میں آئے تو یوتھ کارڈ اور مزدور کارڈ متعارف کرائيں گے، ہر سال تنخواہ میں اضافہ کریں گے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ غربت مٹاؤ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کو مزید بہتر کریں گے، کسانوں کو ہاری کارڈ کے ذریعے بہتر مواقع فراہم کریں گے اور انہیں فصلوں کی انشورنس فراہم کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ مزدوروں کو بے نظیر مزدور کارڈ کے ذریعے پینشن کی ادائیگی ممکن بنائیں گے اور نوجوانوں کیلئے یوتھ کارڈ متعارف کرائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسکول جانے والے ہر بچے کو مفت تعلیم کے ساتھ ایک وقت کا کھانا بھی دیا جائے گا جبکہ حاملہ خواتین اور نومولود بچے کو ابتدائی ایک ہزار دن کا وظیفہ دیا جائے گا۔

اس سے قبل نوڈیرو میں خطاب کرتے ہوئے کہا بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ نفرت اور ذاتی دشمنی کی سیاست کے باعث ملک میں جو کچھ ہورہا ہے غلط ہورہا ہے، پیپلز پارٹی جمہوریت اور اٹھارہویں ترمیم پر یقین رکھتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عوام 8 فروری کو نفرت اور تقسیم کی سیاست دفن کریں گے۔

خطاب کے دوران بلاول بھٹو زرداری اپنی شہید والدہ بے نظیر بھٹو کو یاد کرکے آب دیدہ ہوگئے۔

مزید خبریں :