2023 میں ایپل دنیا میں سب سے زیادہ اسمارٹ فونز فروخت کرنے والی کمپنی قرار

آئی فون 15 اور 15 پلس / فوٹو بشکریہ دی ورج
آئی فون 15 اور 15 پلس / فوٹو بشکریہ دی ورج

تاریخ میں پہلی بار ایپل کسی ایک سال میں سب سے زیادہ اسمارٹ فونز فروخت کرنے والی کمپنی بن گئی ہے۔

اسمارٹ فونز کی فروخت کے اعداد و شمار پر نظر رکھنے والی کمپنیوں آئی ڈی سی اور کینالیز کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق 2023 میں ایپل نے سام سنگ کو پیچھے چھوڑ دیا۔

آئی ڈی سی کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ 2023 میں ایپل نے 23 کروڑ 46 لاکھ سے زائد آئی فونز فروخت کیے۔

اس کے مقابلے میں سام سنگ نے 22 کروڑ 66 لاکھ جبکہ شیاؤمی نے 14 کروڑ 59 لاکھ اسمارٹ فونزدنیا بھر میں فروخت کیے۔

2010 سے مسلسل ہر سال دنیا میں سب سے زیادہ اسمارٹ فونز فروخت کرنے کا اعزاز سام سنگ کے پاس جا رہا تھا اور 13 سال بعد اسے اپنی پوزیشن سے محروم ہونا پڑا ہے۔

رپورٹ کے مطابق اس سے پہلے ایپل نے کبھی یہ اعزاز اپنے نام نہیں کیا تھا۔

حیران کن بات یہ ہے کہ 2023 میں ایپل کے سستے آئی فونز کی بجائے مہنگے فونز زیادہ فروخت ہوئے۔

اعداد و شمار کے مطابق 2023 میں معاشی بحران، مہنگائی اور غیر یقینی صورتحال کے نتیجے میں دنیا بھر میں اسمارٹ فونز کی فروخت میں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔

مجموعی طور پر 2023 کے دوران اسمارٹ فونز کی فروخت میں 2022 کے مقابلے میں 3.2 فیصد کمی دیکھنے میں آئی۔

البتہ 2024 میں اسمارٹ فونز کی فروخت میں بہتری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔