Time 18 جنوری ، 2024
دنیا

امریکا نے یمن کے حوثی گروپ کو دوبارہ عالمی دہشتگرد تنظیموں کی فہرست میں شامل کر لیا

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

یمن کے حوثی گروپ کے بحیرہ احمر میں جہازوں پر حملوں کے بعد امریکا نے حوثی گروپ کو دوبارہ دہشت گرد تنظیموں کی فہرست میں شامل کرلیا۔

غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ حوثی گروپ کو خصوصی عالمی دہشت گرد قرار دے رہے ہیں، یہ اقدام بحیرہ احمر میں مسلسل حملوں اور خطرات پر کیا گیا ہے۔

وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد حوثی گروپ کو ہتھیاروں اور مالی امداد کی فراہمی سے بھی روکنا ہے، حوثی گروپ بحیرہ احمر، خلیج عدن میں حملے روک دے تو فیصلے کو بدلا جا سکتا ہے۔

دوسری جانب حوثی گروپ نے ردعمل میں کہا ہے کہ امریکی اقدام کے باوجود اسرائیل جانے والے جہازوں پر حملے جاری رہیں گے، امریکا کا ہمیں دہشت گرد قرار دینا ہماری کارروائیوں پر اثرانداز نہیں ہوگا۔

امریکی صدر جو بائیڈن نے 2021 میں حوثی گروپ کو دہشت گردوں کی فہرست سے نکال دیا تھا۔

واضح رہے کہ یمن کے حوثی باغی اسرائیل کی جانب سے غزہ کی پٹی میں فلسطینیوں کے خلاف جاری نسل کشی کے جواب میں اسرائیل جانے والے بحری جہازوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔

دنیا کی دو سب سے بڑی شپنگ کمپنیوں، MSC اور Maersk نے بھی دسمبر میں بحیرہ احمر میں اپنا آپریشن معطل کر دیا تھا۔

18 دسمبر کو امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے حوثیوں کے حملوں کا مقابلہ کرنے کے لیے بحری فوج کی تشکیل کا اعلان کیا تاہم اسپین، اٹلی اور فرانس سمیت کئی ممالک اس اتحاد سے دستبردار ہو چکے ہیں۔

مزید خبریں :