Time 20 جنوری ، 2024
دنیا

اسرائیلی جنگی جرائم کیخلاف عالمی فوجداری عدالت میں بھی درخواست دائر

میکسیکو اور چلی نے عالمی فوجداری عدالت میں اسرائیل کے جنگی جرائم کے خلاف مشترکہ درخواست دائر کی ہے۔ فوٹو فائل
میکسیکو اور چلی نے عالمی فوجداری عدالت میں اسرائیل کے جنگی جرائم کے خلاف مشترکہ درخواست دائر کی ہے۔ فوٹو فائل

عالمی عدالت انصاف کے بعد اسرائیل کے خلاف جنگی جرائم کی تحقیقات کے لیے عالمی فوجداری عدالت میں بھی درخواست دائر کر دی گئی۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق میکسیکو اور چلی نے عالمی فوجداری عدالت میں اسرائیل کے جنگی جرائم کے خلاف مشترکہ درخواست دائر کی ہے۔

میکسیکو اور چلی کی درخواست میں فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی جنگی جرائم کی تفتیش کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

اس سے قبل جنوبی افریقا نے عالمی عدالت انصاف میں اسرائیل کے فلسطینیوں کی نسل کشی کے خلاف درخواست دائر کی تھی جس پر سماعت بھی جاری ہے۔

دوسری جانب اسرائیل اپنی ہٹ دھرمی پر قائم ہے اور صیہونی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے واضح طور پر کہا ہے کہ اقوام متحدہ یا کوئی اور طاقت ہمیں غزہ میں کارروائیوں سے نہیں روک سکتیں۔

7 اکتوبر سے غزہ میں جاری اسرائیلی کارروائیوں میں اب تک 25 ہزار کے قریب فلسطینی شہید اور 65 ہزار زخمی ہو چکے ہیں، اقوام متحدہ کے مطابق غزہ کی 85 فیصد آبادی اسرائیلی بمباری کے باعث بے گھر ہو چکی ہے، شدید سرد موسم، خوراک کی قلت اور بیماریوں کے باعث بمباری سے زیادہ فلسطینیوں کی ہلاکت کا خدشہ ہے۔

مزید خبریں :