Time 23 جنوری ، 2024
دنیا

غزہ میں اسرائیلی فوج کا بڑا نقصان ، حماس کے حملے میں 21 فوجی ہلاک ہوگئے

فوٹو: اسرائیلی میڈیا
فوٹو: اسرائیلی میڈیا

غزہ میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں اسرائیلی فوج کا بڑا جانی نقصان ہوا ہے، حماس کے 2 حملوں میں 24 صیہونی فوجی ہلاک ہوگئے۔

اسرائیلی اخبار کے مطابق جنوبی غزہ میں اسرائیلی فوجی 2 عمارتوں کو  تباہ کرنےکے لیے اس میں بارود لگا رہے تھےکہ فلسطینی مجاہدین کے نشانے پر  آگئے۔

اسرائیلی اخبار کے مطابق عمارت میں موجود فوجیوں کی حفاظت کرنے والے ٹینک کو آرپی جی سے نشانہ بنایا گیا جس کے فوری بعد دونوں ملحقہ عمارتوں میں شدید دھماکا ہوا جہاں مبینہ طور پر آرپی جی سے دوبارہ حملہ کیا گیا۔

اخبار کا کہنا ہےکہ دھماکےکے نتیجے میں دونوں عمارتیں تباہ ہوگئیں جس کے نتیجے میں 21 فوجی ہلاک اور متعدد شدید زخمی ہوئے ہیں ۔

واقعےکے بعد کئی گھنٹوں کی کوششوں کے بعد لاشوں اور زخمیوں کو ملبے سے نکالا گیا۔

خیال  رہے کہ غزہ میں زمینی جنگ کے آغاز  کے  بعد سے کسی ایک واقعے میں یہ اسرائیلی  فوج کا سب سے بڑا نقصان ہے۔

اسرائیلی فوج نے ہلاک ہونے والے 21 فوجیوں کی تصاویر اور ان کے نام جاری کردیے ہیں۔

دوسری  جانب خان  یونس میں فلسطینی مزاحمت کاروں کے ایک  اور حملے میں 3 اسرائیلی فوجی ہلاک ہوگئے۔

غزہ میں زمینی کارروائی میں ہلاک اسرائیلی فوجیوں کی تعداد 219 ہوگئی ہے۔

اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہےکہ اسرائیل نے یرغمالیوں کی رہائی کے بدلے حماس کو دو ماہ کی جنگ بندی کی پیش کش بھی کی ہے۔

مزید خبریں :