پشاور زلمی نے پی ایس ایل 9 کے شیڈول پر تحفظات کا اظہار کر دیا

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

پاکستان سپر لیگ کی ٹیم پشاور زلمی نے پی ایس ایل ایڈیشن 9 کے شیڈول پر تحفظات کا اظہار کر دیا ہے۔

پشاور زلمی کی انتظامیہ کی جانب سے جاری بیان میں ٹیم انتظامیہ نے کہا ہے کہ اصولی طور پرپشاور میں پی ایس ایل 9 کے میچز کا انعقاد ہونا چاییے تھا۔  پشاور زلمی کے میچز شیڈول اور وینیوز پر شدید تحفظات ہیں۔ 

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ شیڈول کے تمام عمل میں نہ پشاور زلمی کو شامل کیا گیا اور نہ ہی شیڈول ریلیز کرنے سے قبل اعتماد میں لیا گیا۔

پشاور زلمی کی مینجمنٹ نے بیان میں کہا ہے کہ پشاور زلمی کے صرف چار میچز راولپنڈی اور صرف ایک میچ کراچی میں شیڈول ہونے پر زلمی انتظامیہ مایوس ہے۔ 

شیڈول ریلیز ہونے سے قبل پشاور زلمی نے پانچ میچز پشاورسے قریب وینیو راولپنڈی اور کراچی میں زلمی سپورٹ ہونے کی وجہ سے تین میچز کی درخواست کی تھی۔ 

انتظامیہ نے کہا ہے کہ پشاور زلمی کے سپورٹر پشاور سے راولپنڈی آکر ہاؤس فل کرتے ہیں اور کراچی میں بھی پشاور زلمی کی بڑی فین بیس موجود ہے۔

انتظامیہ نے اس بات کی بھی تصدیق کی ہے کہ شیڈول ریلیز ہونے کے بعد پشاور کے لاہور میں شیڈول چار میچز کو کم کر کے پانچ میچز پنڈی اور تین کراچی میں کرانے کی درخواست کی گئی، جبکہ پی سی بی ہیڈ کوارٹر جاکر بھی اپنے تحفظات سے بورڈ حکام کو آگاہ کیا تھا۔

پشاور زلمی کا کہنا ہے کہ موجودہ شیڈول سے نہ صرف پشاور زلمی کے فینز شدید مایوس ہیں بلکہ ساتھ ہی زلمی کے کمرشل اینڈ مارکیٹنگ ڈپارٹمنٹ کو بھی مشکلات اور تحفظات ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پشاور زلمی اپنے میچز راولپنڈی اور تین میچز کرانے کا مطالبہ کرتی ہے اور پی ایس ایل 9 کے دوران صورتحال پر احتجاج جاری رہے گا۔

واضح رہے کہ پی سی بی کی جانب سے جاری کردوہ شیڈول کے مطابق پی ایس ایل 9 کا آغاز 17 فروری کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہوگا جس میں دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز کا مقابلہ اسلام آباد یونائیٹڈ سے ہوگا۔

شائقین کا مقبول ترین یہ ایونٹ 4 شہروں کراچی، لاہور، ملتان اور راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔6 ٹیموں پر مشتمل پی ایس ایل کا فائنل 18 مارچ کو کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں ہوگا۔

مزید خبریں :