26 جنوری ، 2024
اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ پر وحشیانہ بمباری جاری ہے جس کی زد میں آکر مزید 200 فلسطینی شہید ہوگئے۔
اسرائیل نے غزہ کے رہائشی علاقوں پر بمباری کی ہے جس سے سیکڑوں فلسطینی شہید ہوگئے جب کہ اسرائیلی فوج نے امداد ملنے کے منتظر فلسطینیوں پر بھی گولے برسائے۔
ادھر فلسطینی مزاحمت کاروں کے حملوں میں کئی اسرائیلی فوجی مارے گئے، متعدد ٹینک اور بلڈوزر بھی تباہ کردیے گئے۔
دوسری جانب غزہ میں امن کا سفید پرچم تھامے فلسطینیوں کی شہادت کو برطانوی رکنِ پارلیمنٹ نے جنگی جرم قرار دے دیا۔
برٹش پاکستانی رکن پارلیمنٹ افضل خان نے غزہ میں فوری جنگ بندی کیلئے پارلیمنٹ میں پٹیشن جمع کرائی اور کہا تمام یرغمالیوں کو بھی فوری طور پر رہا کیا جانا چاہیے۔
واضح رہے کہ اسرائیلی حملوں میں 25 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جن میں زیادہ تر بچے اور خواتین شامل ہیں۔