Time 26 جنوری ، 2024
سائنس و ٹیکنالوجی

نیویارک سوشل میڈیا کو 'مضر صحت' قرار دینے والا پہلا امریکی شہر بن گیا

نیویارک کے میئر نے ایک خطاب کے دوران سوشل میڈیا کو مضر صحت قرار دیا / فائل فوٹو
نیویارک کے میئر نے ایک خطاب کے دوران سوشل میڈیا کو مضر صحت قرار دیا / فائل فوٹو

نیویارک امریکا کا پہلا شہر بن گیا ہے جس نے باضابطہ طور پر سوشل میڈیا کو 'مضر صحت' قرار دے دیا ہے۔

اسٹیٹ آف دی سٹی خطاب کے دوران نیویارک کے میئر ایرک ایڈمز نے کہا کہ ہیلتھ کمشنر ڈاکٹر ایشون واسان کی جانب سے سوشل میڈیا ایپس کو ماحولیاتی زہر قرار دینے پر غور کیا جا رہا ہے جو بچوں اور نوجوانوں کو نقصان پہنچا رہی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم اپنے بچوں کو درپیش بحران کو ٹھیک کرنے جا رہے ہیں۔

نیویارک کے میئر نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا سے شہر میں دماغی صحت کا بحران بڑھ رہا ہے۔

اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے ایکس (ٹوئٹر) پر ایک پوسٹ میں کہا کہ ہم بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں کو اپنے بچوں کے لیے خطرہ نہیں بننے دیں گے۔

مگر سوشل میڈیا کو مضر صحت قرار دینے کے ساتھ انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ کس طرح سوشل میڈیا کے 'خطرات' کی روک تھام کی جائے گی۔

نیویارک شہر کی انتظامیہ کی جانب سے اس حوالے سے اقدامات پر عملدرآمد کے منصوبوں کی تفصیلات مستقبل قریب میں جاری کی جائیں گی۔

واضح رہے کہ امریکی ریاست کیلیفورنیا میں بھی کم عمر سوشل میڈیا صارفین کے تحفظ کے لیے جولائی 2024 میں نئے قوانین کا اطلاق کیا جا رہا ہے۔

البتہ نیویارک میں اس حوالے سے ابھی عملی اقدامات سامنے نہیں آئے ہیں۔

مزید خبریں :