27 جنوری ، 2024
بارشوں کا سبب بننے والی مغربی ہوائیں آج رات سے ملک کے مغربی علاقوں میں داخل ہوں گی۔
محکمہ موسمیات نے طویل خشک موسم کے بعد خوشخبری سناتے ہوئے بتایا ہے کہ بارش کا سبب بننے والی مغربی ہوائیں 31 جنوری تک بالائی علاقوں پر موجود رہیں گی۔
اس دوران اسلام آباد ،پنجاب، خیبر پختونخوا،گلگت بلتستان اور کشمیر میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔
اتوار اور پیر کو کوئٹہ، ژوب، زیارت، چمن، بارکھان اور مکران کے ساحلی علاقوں میں وقفے وقفے سے ہلکی سے درمیانی بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے جبکہ سندھ کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا اور بالائی سندھ میں دھند پڑنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مذکورہ سسٹم کے تحت 29جنوری تک بارش اورپہاڑوں پربرفباری متوقع ہے۔
کراچی کا موسم کیسا رہے گا؟
آئندہ 24گھنٹوں کے دوران کراچی میں موسم خشک اوررات میں خنک رہنے کا امکان ہے، شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 14ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔
محکمہ موسمیات کا بتانا ہے کہ شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 13 سے 15ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 26سے28ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔
شہرِ قائد میں ہوا میں نمی کا تناسب 58 فیصد ہے اور شمال مشرق سے چلنے والی ہواؤں کی رفتار 8کلو میٹرفی گھنٹہ ہے۔