پنجاب میں رواں سال کے27 دنوں میں نمونیا سے258 بچے جاں بحق ہوگئے

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

پنجاب میں نمونیا کے باعث مزید 18 بچے جاں بحق ہوگئے، صوبے میں رواں سال27 دنوں میں 258 بچے زندگی کی بازی ہارچکے ہیں۔

محکمہ صحت پنجاب کے مطابق صوبے بھر میں 24 گھنٹوں میں 869 نمونیا کے نئے کیسز رپورٹ ہوئے، صوبے میں 24 گھنٹوں کے دوران نمونیا سے 18 بچے جاں بحق ہوئے۔

محکمہ صحت کا کہنا ہےکہ لاہور میں24 گھنٹوں میں 177 بچوں میں نمونیا کےکیسز رپورٹ  ہوئے، نمونیا سے 3 بچے جان کی بازی  ہارگئے۔

محکمہ صحت کے مطابق صوبے میں رواں سال27 دنوں میں 14ہزار 530 بچے نمونیا میں مبتلا ہوئے ہیں۔

محکمہ صحت کا کہنا ہےکہ پنجاب  میں رواں سال27 دنوں میں 258  بچے نمونیا کے باعث زندگی کی بازی ہارگئے۔

ڈائریکٹر حفاظتی ٹیکہ جات پنجاب ڈاکٹر مختار کے مطابق صوبے میں ان دنوں نمونیا پھیلا ہوا ہے، بچے کو پیدائش سے لےکر ڈیڑھ ماہ تک نمونیا ویکسین ایک خاص نمونیا سے بچاتی ہے۔

ڈاکٹر مختار نے مزید بتایا کہ ان دنوں پھیلے ہوئے وائرل میں نمونیا ویکسین مؤثر نہیں، حفاظتی ٹیکہ جات کے تحت لگنے والی نمونیا ویکسین وافر مقدار میں موجود ہے، بچوں اور بڑوں کے لیے نمونیا کی ایک ہی ویکسین ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عام مارکیٹ میں نمونیا ویکسین دستیاب نہیں، حکومتی اجازت کے بغیرکوئی فارمیسی نمونیا ویکسین بیرون ملک سے نہیں منگوا سکتی، حکومت بیرون ملک سے صرف بچوں کو حفاظتی ٹیکہ جات کے تحت لگنے والی ویکسین منگواتی ہے۔

مزید خبریں :