29 جنوری ، 2024
اسلام آباد: قومی ٹیم کی فٹنس اور فیلڈنگ معیار میں تنزلی کی وجہ سامنے آگئی۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ ٹیم مینجمنٹ نے فٹنس ٹیسٹ کا سلسلہ ہی ختم کردیا تھا، گزشتہ مینجمنٹ نے فٹنس کیمپ اور یویو ٹیسٹ وغیرہ کو مکمل نظرانداز کیا جب کہ سابق کپتان بابراعظم اور سابق ڈائریکٹر مکی آرتھر نے متفقہ طور پر فٹنس ٹیسٹ کا سلسلہ ختم کیا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اب فیلڈنگ اور فٹنس میں تنزلی پر محمدحفیظ نے نئی حکمت عملی تشکیل دی ہے اور محمد حفیظ کا ماننا ہے کہ آئندہ فٹنس پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا۔
ذرائع کے مطابق ٹیم مینجمنٹ چند کھلاڑیوں کے بڑھتے وزن سے بھی خوش نہیں تھی جس کے بعد اب محمدحفیظ بطور ڈائریکٹر پاکستان کرکٹ فٹنس پروگرام مرتب کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ سیریز اور ٹورنامنٹ سے قبل کھلاڑیوں کا فٹنس ٹیسٹ لیاجائےگا اور فٹنس ٹیسٹ پر پورا نہ اترنے والے کھلاڑیوں کو منتخب نہیں کیاجائےگا۔
مزید برآں فٹنس ٹیسٹ کو بہتر بنانے کے لیے ٹیم مینجمنٹ سخت فیصلے کرنے سے بھی نہیں کترائےگی۔