11 جنوری ، 2024
قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ پاکستان ٹیم کی قیادت کرنا اعزاز کی بات ہےلیکن کپتانی پھولوں کا بستر نہیں ہے۔
سوشل میڈیا پر شاہد آفریدی کا ایک ڈیجیٹل انٹرویو کلپ وائرل ہورہا ہے جس میں میزبان کی جانب سے سابق کرکٹر سے سوال کیا گیا کہ پاکستان ٹیم کی قیادت کا تجربہ کیسا ہے؟
اس کے جواب میں شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ پاکستان ٹیم کی قیادت کرنا ایک بڑے اعزاز کی بات ہے ، میں ہمیشہ کہتا ہوں کہ پاکستان ٹیم کی قیادت کرنا آسان نہیں ہے یہ پھولوں کا بستر نہیں ہے۔
سابق کپتان نے اپنے بیان کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اگر ٹیم پرفارمنس نہ دے یا پھر کچھ بھی ہو تو تمام تر ذمہ داری کپتان پر ڈالی جاتی ہے، اسی لیے میں کہتا ہوں کہ ایک کپتان کی ذمہ داریاں زیادہ ہیں، میڈیا ،سلیکشن کمیٹی ، بورڈ اور شائقین کرکٹ سب کو ایک کپتان ہی فیس کررہا ہوتا ہے، اگرچہ یہ ساری چیزیں لے کر چلنا مشکل ہے لیکن اگر آپ ایک اچھی مینجمنٹ لے کر چلیں تو یہ ساری ذمہ داریاں بہت اچھے طریقے سے نبھا سکتے ہیں ۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ ایک ایسی جگہ ہے جہاں آپ کو انصاف کرنا پڑتا ہے جو لڑکے ڈومیسٹک میں اچھا پرفارم کریں بطور کپتان آپ نے ان کو موقع دینا ہوتا ہے اور میرے دور میں ڈومیسٹک ٹیم کا کوئی ایسا پلیئر نہیں جو یہ کہہ سکے کہ میں نے پرفارم کیا اور لالہ اس وقت کپتان تھے ہمیں موقع نہیں ملا،میں نے اپنے وقت میں ہر اس کھلاڑی کو چانس دیا جس نے اچھا پرفارم کیا۔