29 جنوری ، 2024
بھارتی دارالحکومت نئی دلی میں 30 سالہ شخص نے آئی این اے میٹرو اسٹیشن پر چلتی ٹرین کے سامنے آکر خودکشی کر لی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق افسوسناک واقعہ دو روز قبل پیش آیا جب اجیتیش سنگھ نامی شخص چلتی ٹرین کے آگے کود گیا اس دوران اسٹیشن پر لگے سی سی ٹی وی کیمروں میں اجیتیش کی خودکشی کے مناظر ریکارڈ ہوگئے۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے روانہ کر دیا۔
بھارتی پولیس کے سینئر افسر کا کہنا ہے کہ خودکشی کرنے والے اجیتیش سنگھ کی شناخت ان کے موبائل فون پر آئی کال کے ذریعے ہوئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اجیتیش کی خودکشی کی وجہ کا پتہ تاحال نہیں چل سکا، اس حوالے سے پولیس تفتیش کر رہی ہے۔
ڈی ایم آر سی کے ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ اس واقعہ کی وجہ سے میٹرو سروس تقریباً 15سے 20 منٹ تک متاثر رہی۔