30 جنوری ، 2024
لاہور کی عدالت نے منی لانڈرنگ کے مقدمے میں رہنما تحریک انصاف مونس الہیٰ کو اشتہاری قرار دے دیا۔
اسپیشل سینٹرل کورٹ کے جج تنویر احمد شیخ نے ایف آئی اے کے منی لانڈرنگ کے مقدمے میں مونس الہیٰ کو اشتہاری قرار دینےکا حکم نامہ جاری کیا۔
عدالت نے مونس الہیٰ کے دائمی وارنٹ گرفتاری بھی جاری کردیے۔
عدالت نے حکم دیا ہےکہ ایف آئی اے انٹرپول سے رابطہ کرکے مونس الہیٰ کی گرفتاری کے لیے اقدمات کر سکتی ہے۔
عدالت کا کہنا ہےکہ ملزم نے جان بوجھ کر خود کو روپوش کر رکھا ہے، ایف آئی اے ملزم کی گرفتاری کے لیے قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائے۔
عدالت کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے مونس الہٰی کا کہنا ہےکہ جس کیس میں ریڈ وارنٹ کے لیے لکھا گیا اس میں الزام ہےکہ میرے دوست نے آف شور کمپنی بنائی، الزام ہےکہ دوست نےمیرے اور والد کی منی لانڈرنگ کے لیے آف شور کمپنی بنائی۔
مونس الہٰی کے مطابق وہ کمپنی تب بنی تھی جب میری اور دوست کی عمر 3 سال تھی۔