Time 30 جنوری ، 2024
کاروبار

ملک میں کرنسی نوٹوں کے نئے ڈیزائن کیلئے آرٹ مقابلے کا اعلان

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے ملک میں کرنسی نوٹوں کے نئے ڈیزائن کے لیے آرٹ مقابلے کا اعلان کر دیا۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے نئے کرنسی نوٹوں کے حوالے سے جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق بینک دولت نے 7 مختلف مالیت کے نئے کرنسی نوٹوں کی سریز کو ڈیزائن کرکے انہیں جاری کرنے پر کام شروع کردیا ہے۔ 

اسٹیٹ بینک کے مطابق نئے نوٹوں کے اجراء میں عموماً 2 سے 3 سال کا عرصے درکار رہتا ہے البتہ اسٹیٹ بینک دو سالوں میں نئے نوٹ جاری کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔

نئے کرنسی نوٹ جاری کرنے کا پہلا مرحلہ ان کے ڈیزائن کا ہوگا۔ اسٹیٹ بینک 10، 20 ، 50، 100، 500، 1000 اور 5000 کے 7 مختلف مالیت کے 3،3 ڈیزائن آرٹ مقابلے میں جمع کرے گا۔ 

اسٹیٹ بینک کے مطابق آرٹ مقابلے میں مقامی آرٹسٹ، ڈیزائنرز اور طالب علم اپنے ڈیزائن کردہ کرنسی نوٹ 11 مارچ 2024 تک اسٹیٹ بینک کے ڈائریکٹر فنانس ڈپارٹمنٹ کو بذریعہ ڈاک جمع کرا سکیں گے۔

مقابلے میں منتخب کیے گئے ڈیزائن کو بعد میں ماہر کرنسی نوٹ ڈیزائنرز کی مدد سے زیرگردش بنانے کے لیے حتمی شکل دی جائے گی۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ نئے کرنسی نوٹوں کو حتمی شکل دے کر انہیں حکومت پاکستان کی منظوری کے لیے بھیجا جائے گا۔ حکومتی منظوری کے بعد نئے کرنسی نوٹوں کی سیریز کا اجراء ہوگا۔ 

اسٹیٹ بینک کے مطابق نئے نوٹوں کے اجراء کے ساتھ موجودہ سیریز بھی زیر گردش رہے گی۔ نئے نوٹوں کی وافر سپلائی فراہمی کے بعد موجود سیزیز کو مرحلہ وار سرکولیشن سے ختم کیا جائے گا۔

مزید خبریں :