31 جنوری ، 2024
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سینیئر وکیل شعیب شاہین نے دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ سائفر کیس میں بانی پی ٹی آئی کی سزا پندرہ دن میں معطل ہوسکتی ہے۔
جیو نیوز کے پروگرام کیپیٹل ٹاک میں گفتگو کرتے ہوئے شعیب شاہین کا کہنا تھا کہ یہ کیس بنانا ہی غلامی کی بدترین مثال بنانے کے مترادف ہے۔
رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ ممکن ہی نہیں ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے خلاف یہ سزا برقرار رہ سکے۔
پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ماہر قانون حسن رضا پاشا نے کہا کہ سائفر کیس میں بانی پی ٹی آئی کی سزا کے خلاف ہائی کورٹ میں کیس اپنی باری پر آئے گا۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا کیس لگنے میں ڈیڑھ سال کا عرصہ بھی لگ سکتا ہے۔
دوسری جانب جیو نیوز کے پروگرام آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما حامد خان نے کہا کہ سائفر کیس کا ٹرائل نہیں، مس ٹرائل تھا، کوئی بھی جج اسے جائز قرار نہیں دے سکتا۔
انہوں نے کہا کہ فیصلے کی کاپی ملنے کے 24 گھنٹے کے اندر اپیل دائر کردیں گے۔
واضح رہے کہ سائفر کیس کی خصوصی عدالت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور شاہ محمود قریشی کو 10، 10 سال قید کی سزا سنادی ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے امریکا میں پاکستانی سفیر کے مراسلے یا سائفرکو بنیاد بنا کر ہی اپنی حکومت کے خلاف سازش کا بیانیہ بنایا تھا جس میں عمران خان نے دعویٰ کیا تھا کہ ان کی حکومت کے خاتمے میں امریکا کا ہاتھ ہے تاہم قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں سائفر کو لے کر پی ٹی آئی حکومت کے مؤقف کی تردید کی جاچکی ہے۔
اس کے علاوہ سائفر سے متعلق عمران خان اور ان کے سابق سیکرٹری اعظم خان کی ایک آڈیو لیک سامنے آئی تھی جس میں عمران خان کو کہتے سنا گیا تھا کہ ’اب ہم نے صرف کھیلنا ہے، امریکا کا نام نہیں لینا، بس صرف یہ کھیلنا ہے کہ اس کے اوپر کہ یہ ڈیٹ پہلے سے تھی جس پر اعظم خان نے جواب دیا کہ میں یہ سوچ رہا تھا کہ اس سائفر کے اوپر ایک میٹنگ کر لیتے ہیں‘۔