Time 31 جنوری ، 2024
پاکستان

'ریحان نےکے پی حکومت میں کرپشن کا انکشاف اور پی ٹی آئی میں ٹکٹ تقسیم پر سوال اٹھایا تھا'

باجوڑ  میں این اے8 کے آزاد  امیدوار  ریحان زیب کے بہیمانہ  قتل پر حقائق سامنے آگئے۔

مقتول ریحان زیب پی ٹی آئی کے حامی تھے لیکن پی ٹی آئی کا ٹکٹ نہ ملنے پر انہوں نے ٹکٹوں کی تقسیم پر سوشل میڈیا پر سوالات اٹھائے تھے۔

پی ٹی آئی نے این اے8 میں قومی اسمبلی کا پارٹی ٹکٹ گل ظفر خان کو  جب کہ پی کے 22کا ٹکٹ گل داد خان کو دیا تھا۔

ریحان زیب بطور  آزاد امیدوار قومی اور صوبائی اسمبلی الیکشن میں حصہ لے رہے تھے۔

ریحان زیب نے 12 جنوری کو خیبرپختونخوا حکومت میں کرپشن کا بھی انکشاف کیا تھا جس کے بعد سے ان پر چند روز سے تحریک انصاف سے منسلک ٹرول اکاؤنٹس سے تنقید کی جا رہی تھی۔

ریحان زیب کے قتل کے بعد تحریک  انصاف نے آفیشل اکاؤنٹس پر  انہیں پارٹی کا حمایت یافتہ امیدوار قرار  دیا پھر  بیان ہٹا دیا۔

خیال رہےکہ باجوڑ میں نامعلوم افرادکی فائرنگ سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 8 اور  پی کے 22 سے آزاد امیدوار ریحان زیب جاں بحق ہوگئے تھے۔

پولیس کے مطابق ریحان زیب الیکشن مہم کے سلسلے میں صدیق آباد پھاٹک پر  موجود تھےکہ نامعلوم افراد نے انہیں فائرنگ کرکے قتل کر دیا۔

ریحان زیب کے قتل کے بعد  این اے 8 اور پی کے 22 پر الیکشن ملتوی کردیا گیا ہے۔

مزید خبریں :