Time 31 جنوری ، 2024
پاکستان

بشریٰ بی بی اڈیالا جیل سے بنی گالا منتقل، عمران خان کی رہائشگاہ سب جیل قرار

بشری بی بی کو توشہ خانہ کیس میں 14 سال قیدبامشقت کی سزاسنائی گئی تھی— فوٹو:فائل
بشری بی بی کو توشہ خانہ کیس میں 14 سال قیدبامشقت کی سزاسنائی گئی تھی— فوٹو:فائل

احتساب عدالت کی جانب سے سزا سنائے جانے کے بعد سابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو اڈیالہ جیل سے اسلام آباد میں ان کی رہائش گاہ بنی گالا منتقل کردیاگیا۔

احتساب عدالت نے آج توشہ خانہ کیس میں بشریٰ بی بی کو 14 سال قید با مشقت کی سزا سنائی تھی جس کے بعد وہ گرفتاری دینے خود اڈیالا جیل پہنچی تھیں لیکن انہیں گرفتار نہیں کیا گیا تھا۔

ذرائع کے مطابق بشری بی بیٰ کو اڈیالا جیل سے بنی گالہ منتقل کردیاگیا ہے اور بانی پی ٹی آئی کی بنی گالا میں رہائش گاہ کو سب جیل قرار دے دیا گیا ہے۔

سپرنٹنڈنٹ اڈیالا جیل کی درخواست پربنی گالہ رہائش گاہ کو سب جیل قرار دیا گیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق چیف کمشنر اسلام آباد نے سزا یافتہ بشریٰ بی بی کی بنی گالہ رہائش گاہ کو سب جیل قرار دیا۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ خان ہاؤس بنی گالہ موہڑہ نور کو تاحکم ثانی سب جیل قراردیاجاتاہے۔

چیف کمشنر کی جانب سے نوٹیفکیشن سی پی سی 1860 کے سیکشن 541 کے تحت کیا گیا۔

بانی پی ٹی آئی کی بنی گالہ رہائش گاہ کےباہرپولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی ہے اور ان کی رہائش گاہ کےاندر جیل پولیس کا عملہ تعینات رہے گا۔

خیال رہے کہ احتساب عدالت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ کو توشہ خانہ کیس میں 14،14 سال قید بامشقت کی سزا سنائی اور ایک ارب سے زائد کا جرمانہ عائد کیا ہے۔

مزید خبریں :