Time 31 جنوری ، 2024
پاکستان

ملک کے متعدد مقامات پر بارش اور برفباری جاری

فوٹو: اے پی پی
فوٹو: اے پی پی

ملک کے متعدد مقامات پر بارش اور  برفباری  جاری  ہے، آزادکشمیر میں بارش اور برفباری نے لوگوں کی مشکلات بڑھادی ہیں۔

آزادکشمیر میں مظفرآباد، باغ  اور حویلی سمیت  متعدد مقامات  پر  بارش  جاری ہے، نیلم، ویلی، پونچھ اور  سدھنوتی کے بالائی علاقوں میں برفباری سے لوگوں کی مشکلات بڑھ گئی ہیں۔

گریس میں برفباری سے راستے بند ہیں، ایک واقعے میں لوگوں نے مریضہ کو  شدید برفباری میں کندھوں پر اٹھا کر اسپتال منتقل کیا۔

مانسہرہ میں تیسرے روز  بھی بارش اور برفباری جاری ہے، وادی ناران میں ایک فٹ جب کہ شوگران میں 8 انچ سے زائد برف پڑچکی ہے۔

ایبٹ آباد شہر میں ہلکی بارش ہو رہی ہے جب کہ گلیات کے بالائی مقامات پر7 انچ تک برف  پڑچکی ہے۔

مری میں تیز ہواؤں کے ساتھ برفباری میں انتظامیہ نے سیاحوں اور عوام الناس کو  احتیاط سے سفر کرنےکی ہدایت کی ہے۔

مری میں 8 انچ برف پڑچکی ہے، مری ایکسپریس وے  پر  پھسلن کے باعث بدترین ٹریفک جام ہے، برفباری کے ساتھ بجلی کا بریک ڈاؤن ہوگیا ہے، بیشتر علاقوں کو بجلی سپلائی متاثر ہے جس سے سیاحوں اور مقامی افراد کو مشکلات کا سامنا ہے۔

لواری ٹنل پر ڈھائی فٹ سے زائد برف پڑچکی ہے، سوات میں مالم جبہ، کالام سمیت بالائی مقامات پر برفباری تین دن سے جاری ہے۔

لوئر دیر، صوابی، مالاکنڈ اور گلگت بلتستان کے  پہاڑوں پر بھی برفباری سے موسم سرد ہوگیا ہے۔

مزید خبریں :