عدت میں نکاح کیس کی سماعت کے دوران عمران خان اور خاور مانیکا کے درمیان جھگڑا

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

اڈیالہ  جیل میں عدت میں نکاح کیس کی سماعت کے دوران بانی پی ٹی عمران خان اور بشریٰ بی بی کے سابق خاوند  خاور مانیکا کے درمیان جھگڑا ہوگیا۔

خاور مانیکا کے بیان پر  بشریٰ بی بی کے وکیل عثمان گل کی جرح کے دوران خاور مانیکا کا کہنا تھا کہ  یہ درست ہے بانی پی ٹی آئی اور  بشریٰ بی بی کے غیر شرعی تعلقات کا چشم دید گواہ نہیں،  یہ درست ہے فرح گوگی نے مجھ سے طلاق کی تاریخ تبدیل کرنےکا کہا۔

خاور مانیکا سے وکیل نے سوال کیا کہ غیر شرعی تعلقات کا کوئی ثبوت عدالت میں پیش کیا؟  خاور مانیکا نے جواب دیا کہ میرے ملازم نے اس سے متعلق بیان عدالت میں ریکارڈ کرایا۔

بشریٰ بی بی کے وکیل کا کہنا تھا کہ  آپ کے علم میں ہےکہ غیر شرعی تعلقات کا الزام کیسے ثابت کرنا ہے؟

اس موقع پر جج کا کہنا تھا کہ  یہ سوال غیر متعلقہ ہے، عدالت نے غیر شرعی تعلقات کی دفعات کو کیس سے ختم کردیا ہے۔

اس موقع پر عمران خان کا کہنا تھا کہ میں اور  میری بیوی قرآن  پر ہاتھ رکھ کر حلف کے لیے تیار ہیں، خاور  مانیکا سے بھی قرآن پر حلف لیا جائے۔ خاور  مانیکا نے قرآن پر  ہاتھ رکھ کر  حلف دینے کی پیشکش کو قبول کرلیا۔

اس موقع پر جج کا کہنا تھا کہ  خاور  مانیکا اگر  قرآن  پر حلف دیتے ہیں تو  آپ کا جرح کا حق ختم ہوجائےگا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ خاور مانیکا پر جرح ضروری ہے، اینٹی کرپشن کی حراست میں خاور  مانیکا کا سافٹ ویئر اپ ڈیٹ ہوا ہے، میں نے بشریٰ بی بی کو نکاح کے دن دیکھا، قرآن اٹھانےکو تیار ہوں۔

تم جھوٹ بول رہے ہو خدا سے ڈرو: خاور مانیکا کا عمران خان کو جواب

خاور مانیکا نے بانی پی ٹی آئی کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ تم جھوٹ بول رہے ہو خدا سے ڈرو، تم نے میرا گھر بربادکیا۔

عمران خان نے عدالت سے قرآن پاک پر حلف لینےکی ضدکی، جس پر عدالت نے بانی پی ٹی آئی سے کہا کہ حلف لینےکے بعد آپ کا حقِ جرح ختم ہو جائےگا۔

عدالت نے آرڈر لکھوایا کہ قرآن پاک پر حلف لینے پر ملزمان کا حق جرح ختم ہوگا۔

اس پر بانی پی ٹی آئی حلف لینے سے مکرگئے، ان کا کہنا تھا کہ ہم حلف بھی لیں گے اور جرح بھی کریں گے۔

عدالت کا کہنا تھا کہ آپ حلف نہیں لے سکتے آپ نے گواہ سے حلف لینےکی آفرکی ہے۔

عدالت نے بانی پی ٹی آئی کی خاور مانیکا کو حلف کی پیشکش کو ریکارڈکا حصہ بنا دیا۔

جرح کے دوران بانی پی ٹی آئی سے تلخ جملوں کے بعد خاور مانیکا عدالت سے باہر چلے گئے۔

واپسی پر خاور مانیکا نے بشریٰ بی بی کے وکیل عثمان گل سے کہا کہ  ایسے سوالات کر رہے ہو جیسے ان پڑھ ہوں۔ وکیل نے غصے میں جواب دیا کہ میں تمہیں اٹھا کر باہر  پھینک دوں گا۔

 خاور مانیکا نے کہا کہ وکیل پی ٹی آئی کے ایکٹویسٹ بنے ہوئے ہیں۔ وکیل عثمان گل کا کہنا تھا کہ  جرح کرنا میرا حق ہے۔

 آپ گواہ کو مکا مارنےکی کوشش کریں گے تو جرح کیسے چلےگی؟ جج کا وکیل سے مکالمہ

جج کا کہنا تھا کہ اگر  آپ گواہ کو  مکا مارنےکی کوشش کریں گے تو جرح کیسے چلےگی؟ ہم محبت سے چل رہے ہیں، سختی پر مجبور نہ کریں۔

عدالت نے عثمان گل کو  جرح جلد مکمل کرنےکی ہدایت کی جس پر وکیل نے کہا کہ  عدالت نہیں کہہ سکتی کے جرح 15 منٹ میں مکمل کریں۔

جج نے کہا کہ  آپ نے غیر متعلقہ سوالات کا سلسلہ جاری رکھا تو جرح کا حق ختم کردوں گا، جتنا وقت جرح کے لیے دیا ہے اتنے میں 4 گواہوں پر جرح مکمل ہوسکتی تھی۔

دوران جرح خاور مانیکا نے الزام لگایا کہ یہ درست ہے بانی پی ٹی آئی میری عدم موجودگی میں گھر آتے تھے، ان دونوں کے غیر شرعی تعلقات تھے، مجھے معلوم  نہیں غیر شرعی تعلقات پر  ملک کا قانون کیا کہتا ہے، یہ درست ہےکہ 2018 سے نومبر 2023  تک شکایت درج نہیں کرائی، اینٹی کرپشن کے مقدمے میں  رہا ہونےکے 10 دن بعد شکایت فائل کی،  یہ درست نہیں ہے میں نے شکایت اسٹیبلشمنٹ کے کہنے پر فائل کی، یہ درست نہیں ہےکہ  بشریٰ بی بی نے عدت پوری کرنےکے بعد نکاح کیا۔

جرح کے دوران خاور مانیکا آبدیدہ ہوگئے۔

وکیل عثمان گل نے عدالت سے بار بار خاور مانیکا کے آبدیدہ ہونےکو  ریکاڈ  پر لانےکی استدعا کی۔

خاور مانیکا کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی اور  بشریٰ بی بی کے نکاح کا علم ٹی وی پر خبروں سے ہوا۔

وکیل عثمان گل نے پوچھا کہ کیا یہ درست ہے آپ نے شاہزیب خانزادہ کو انٹرویو دیا؟ 

خاور مانیکا نے جواب دیا جی بالکل درست ہے میں نے انٹرویو دیا۔

عثمان گل نےکہا کہ  آپ نے شاہزیب خانزادہ کو انٹرویو میں کہا بشریٰ بی بی پاک باز خاتون ہیں؟ خاور مانیکا نے کہا کہ  جی میں نے کہا تھا۔

 وکیل عثمان گل نےکہا کہ  آپ نے شاہزیب خانزادہ کو دو انٹرویو دیے تھے۔ خاور مانیکا نے جواب دیا کہ یہ مجھے یاد نہیں لیکن انٹرویو دیا تھا۔

عدالت نے کیس کی سماعت کل صبح 9 بجے تک ملتوی کردی۔

 بشریٰ بی بی کے وکیل عثمان گل نے 2 گواہان خاور مانیکا اور عون چوہدری پر جرح مکمل کرلی، وہ کل مزید 2 گواہان محمد لطیف اور مفتی سعید پر جرح کریں گے۔

خیال رہے کہ بانی پی ٹی آئی اورب شریٰ بی بی کےخلاف عدت میں نکاح کیس میں عدالت نے تمام چار گواہان کے بیانات قلمبند کرلیے ہیں، گواہان میں مفتی سعید، عون چوہدری، خاور مانیکا اور محمد لطیف شامل ہیں،

مزید خبریں :