01 فروری ، 2024
پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرینز کے چیئرمین پرویز خٹک نےکہا ہےکہ میں نے عمران خان کی سازشوں سے باخبر ہوتے ہی ان سے راہیں جدا کرلیں، بانی پی ٹی آئی مزید اقتدار میں رہتے تو پاکستان کا بھی سودا کردیتے۔
نوشہرہ میں انتخابی جلسوں سےخطاب میں پرویز خٹک نےکہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام تحریک انصاف کے اصل مقاصد سے باخبر ہوچکے ہیں، صوبے سے پی ٹی آئی کو ختم کرنےکا مشن 8 فروری کو اختتام پر پہنچ جائےگا۔
پرویز خٹک نےکہا کہ پی ٹی آئی پارلیمنٹیرینز کی مقبولیت سے تمام دینی و سیاسی جماعتوں کی نیندیں حرام ہوچکی ہیں، عوام پگڑی کے نشان پر مہر لگانےکے لیے 8 فروری کا بےصبری سے انتظار کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی سیاست میں تحریک انصاف کا مستقبل ویران ہوچکا ہے، تحریک انصاف کی بچی کھچی سیاست 8 فروری کو ختم ہوجائے گی ۔