Time 03 فروری ، 2024
پاکستان

پی ٹی آئی کا عدت میں نکاح کیس کے فیصلے کیخلاف ہائیکورٹ میں اپیل کا اعلان

ایک بے ہودہ کیس میں 7 سال قید ہوگئی ہے، دو دن کے اندر 14، 14 گھنٹے سماعت کرکے کیس مکمل کیا گیا: بیرسٹر گوہر— فوٹو:فائل
ایک بے ہودہ کیس میں 7 سال قید ہوگئی ہے، دو دن کے اندر 14، 14 گھنٹے سماعت کرکے کیس مکمل کیا گیا: بیرسٹر گوہر— فوٹو:فائل

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹرگوہر  نے عدت میں نکاح کیس کے فیصلے خلاف ہائیکورٹ میں اپیل دائر کرنے کا اعلان کردیا۔

اڈیالا جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو میں بیرسٹر گوہر کا کہنا تھاکہ جس کی توقع تھی وہی ہوا، جج کے پاس فیصلہ موجود ہی نہیں تھا، زبانی سنایا گیا، اس شرمناک کیس کا نہ سر ہے نہ پیر، یہ سب سیاسی مقاصد کیلئے ہورہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ سب بانی پی ٹی آئی کے کردار پر کیچڑ اچھالنے کی کوشش ہے، بانی پی ٹی آئی نےکہا کہ نیب کےپہلےکیس توشہ خانہ میں بھی ہمیں سزا ہوئی، جس کی حکومت سازش کرکے ختم ہوئی اس کے خلاف کیسز چلا رہے ہیں، کیس عون چوہدری کی ایما پر بنایاگیا۔

ان کا کہنا تھاکہ ایک بے ہودہ کیس میں 7 سال قید ہوگئی ہے، دو دن کے اندر 14، 14 گھنٹے سماعت کرکے کیس مکمل کیا گیا، ہمیں ثبوت پیش کرنے کا موقع نہیں دیا گیا، ہم نےکہا تھا یکم جنوری کو نکاح ہوا اور ایک تقریب میں دعا کیلئے فنکشن کیا، عدالت نے دوسرے نکاح کو جائز قرار دے دیا ہے۔

گوہر خان کا کہنا تھاکہ اب ہم بشریٰ بی بی کو بنی گالا سے واپس اڈیالا جیل لانے کیلئے درخواست دیں گے، ہائیکورٹ میں بہت جلد درخواست دیں گے، اگر چھٹیاں نہیں ہیں تو آج ہی درخواست دیں گے، بشریٰ بی بی کسی ڈیل کے تحت بنی گالا نہیں گئیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم انصاف کیلئے ہائیکورٹ جائیں گے، ہمیں امید ہے انصاف ملے گا۔

خیال رہے کہ عدالت نے عدت میں نکاح کیس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کو 7، 7 سال قید اور جرمانے کی کی سزا سنائی ہے۔

مزید خبریں :