03 فروری ، 2024
جنوبی افریقا کے سابق کپتان اے بی ڈی ویلیئرز نے بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی کی انگلینڈ کے خلاف سیریز سے عدم دستیابی کا معمہ حل کردیا ہے۔
اے بی ڈی ویلیئرز نے دعویٰ کیا ہےکہ ویرات کوہلی اور انوشکا شرما دوسرے بچےکی پیدائش کے منتظر ہیں۔
سابق کپتان جنوبی افریقا نے یہ دعویٰ اپنے آن لائن شو میں کیا۔
اے بی ڈی ویلیئرز کے مطابق ویرات کوہلی اس وقت ٹھیک ہیں اور اچھا وقت فیملی کے ساتھ گزار رہے ہیں، فیملی کے ساتھ وقت گزارنے کے لیے انہوں نے انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچز چھوڑ دیے۔
ان کا کہنا تھا کہ میں اس کے علاوہ کسی اور چیز کی تصدیق نہیں کرسکتا، میں اسے دوبارہ دیکھنےکے لیے انتظار نہیں کر سکتا، میرا ویرات کوہلی کے ساتھ پیغامات کا تبادلہ ہوا ہے، یہ ایک فیملی ٹائم ہے اور ان کے لیے چیزیں اہم ہیں، فیملی زیادہ لوگوں کی ترجیح ہوتی ہے جوکہ اچھی چیز ہے۔
خیال رہےکہ بھارتی بیٹر ویرات کوہلی کی انگلینڈ کے خلاف بقیہ تین ٹیسٹ میچز کے لیے اپنی ٹیم کو دستیابی معمہ بن کر رہ گئی ہے۔
سابق بھارتی کپتان ویرات کوہلی کی انگلینڈکے خلاف سیریز میں عدم دستیابی کے حوالے سے کئی میڈیا رپورٹس سامنے آئیں، ان رپورٹس میں بتایا گیاکہ کوہلی ان دنوں بھارت میں موجود نہیں ہیں اس لیے وہ جلد ٹیم کو دستیاب نہیں ہوں گے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ویرات کوہلی کے انگلینڈ کے خلاف آخری تین ٹیسٹ کھیلنے کا امکان نہیں ہے۔
دوسری جانب بھارتی کرکٹ بورڈ نے ویرات کوہلی کے حوالے سے افواہیں نہ پھیلانے کی درخواست کی ہے اورکہا ہےکہ ویرات کوہلی کی واپسی کا کچھ علم نہیں ہے جب کہ ویرات کوہلی کے بھائی نے والدہ کی علالت کی بھی تردید کی ہے۔
یاد رہےکہ جنوری 2021 میں بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ویرات کوہلی اور بالی وڈ اداکارہ انوشکا شرما کے ہاں بیٹی کی پیدائش ہوئی تھی جس کا نام وامیکا ہے۔