02 فروری ، 2024
بھارتی بیٹر ویرات کوہلی کی انگلینڈ کے خلاف بقیہ تین ٹیسٹ میچز کے لیے اپنی ٹیم کو دستیابی معمہ بن کر رہ گئی ہے۔
سابق بھارتی کپتان ویرات کوہلی کی انگلینڈ کے خلاف سیریز میں عدم دستیابی کے حوالے سے کئی میڈیا رپورٹس سامنے آئی ہیں، ان رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ کوہلی ان دنوں بھارت میں موجود نہیں ہیں اس لیے وہ جلد ٹیم کو دستیاب نہیں ہوں گے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ویرات کوہلی کے انگلینڈ کے خلاف آخری تین ٹیسٹ کھیلنے کا امکان نہیں ہے۔
دوسری جانب بھارتی کرکٹ بورڈ نے ویرات کوہلی کے حوالے سے افواہیں نہ پھیلانے کی درخواست کی ہے اور بھارتی بورڈ کے حکام کا کہنا ہے کہ ویرات کوہلی کی واپسی کا کچھ علم نہیں ہے جبکہ ویرات کوہلی کے بھائی نے والدہ کی علالت کی بھی تردید کی ہے۔
یاد رہے کہ ویرات کوہلی نے انگلینڈ کے خلاف ابتدائی دو ٹیسٹ میچز سے دستبرداری کا اعلان کیا تھا، بھارت اور انگلینڈ کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ آج سے کھیلا جا رہا ہے۔
پہلے ٹیسٹ میں انگلینڈ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد بھارت کو شکست دیدی تھی۔