Time 04 فروری ، 2024
سائنس و ٹیکنالوجی

گوگل میپس میں ایک اور بہترین فیچر کا اضافہ

گوگل کی جانب سے اس فیچر کا اعلان کیا گیا / فوٹو بشکریہ گوگل
گوگل کی جانب سے اس فیچر کا اعلان کیا گیا / فوٹو بشکریہ گوگل

گوگل نے اپنی مقبول ترین سروس میپس میں جنریٹیو آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی پر مبنی ایک نئے فیچر کا اضافہ کیا ہے۔

اس نئے اضافے سے صارفین کے لیے گوگل میپس میں سرچ اور مقامات کی تلاش کا عمل زیادہ آسان اور بہتر ہو جائے گا۔

کمپنی کے مطابق گوگل میپس کے اس نئے فیچر کے لیے لارج لینگوئج ماڈلز کو استعمال کیا جائے گا اور یہ کسی اے آئی چیٹ بوٹ کی طرح کام کرے گا۔

نئے اے آئی فیچر کے ذریعے صارفین میپس سے مختلف مقامات کے بارے میں سوالات پوچھ کر جواب حاصل کر سکیں گے۔

کمپی کے مطابق لارج لینگوئج ماڈلز میپس کا تجزیہ کرکے 25 کروڑ سے زائد مقامات کے بارے میں تفصیلی معلومات فراہم کر سکیں گے۔

اسی طرح لوگوں کی آرا کو مدنظر رکھ کر یہ ماڈلز لوگوں کو سیاحت کے لیے مقامات بھی تجویز کر سکیں گے۔

گوگل کے مطابق یہ فیچر سب سے پہلے امریکا میں متعارف کرایا جا رہا ہے۔

البتہ دیگر ممالک میں اس کی دستیابی کے حوالے سے فی الحال کمپنی نے کچھ نہیں بتایا۔

خیال رہے کہ نومبر 2023 میں ایک رپورٹ میں گوگل میپس میں اس طرح کا اے آئی چیٹ بوٹ متعارف کرانے کے بارے میں بتایا گیا تھا۔

اس رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ گوگل میپس کے بیٹا (beta) ورژن میں موجود کوڈ سے اے آئی چیٹ بوٹ کے اضافے کا اشارہ ملتا ہے۔

مگر رپورٹ میں یہ واضح نہیں کیا گیا تھا کہ یہ اے آئی چیٹ بوٹ کس کام میں مدد فراہم کرے گا۔

اب کمپنی نے بتایا کہ جب کوئی فرد کسی مقام کے بارے میں سوال پوچھے گا تو اس کے بارے میں ذیلی سوالات بھی کر سکے گا۔

اے آئی بوٹ کی جانب سے فراہم کی تفصیلات کو شیئر یا محفوظ کرنا بھی ممکن ہوگا۔

یہ فیچر امریکا میں گوگل میپس کے صارفین لوکل گائیڈز میں جاکر استعمال کر سکتے ہیں۔

اس سے قبل اکتوبر 2023 میں گوگل میپس میں اے آئی ٹیکنالوجی پر مبنی کئی فیچرز کا اضافہ کیا گیا تھا، جو آنے والے مہینوں میں صارفین کو دستیاب ہوں گے۔

اس وقت کمپنی نے بتایا تھا کہ میپس میں سرچ کو اپ ڈیٹ کیا جا رہا ہے تاکہ صارفین کے لیے مخصوص جگہوں یا چیزوں کی تلاش آسان ہو جائے۔

اسی طرح میپس نیوی گیشن انٹرفیس کو بھی تبدیل کیا جا رہا ہے تاکہ اردگرد کی جگہوں کو زیادہ درست طریقوں سے دکھایا جا سکے۔

اس مقصد کے لیے گوگل میپس میں رنگوں کو اپ ڈیٹ کیا گیا ہے تاکہ لوگوں کو سڑکوں، پارکس اور دیگر مقامات کا درست اندازہ ہوسکے۔

مزید خبریں :