Time 08 فروری ، 2024
دنیا

روسی صدارتی انتخابات: پیوٹن کے بڑے حریف کےکاغذات نامزدگی مسترد ہوگئے

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

روسی الیکشن کمیشن نے آئندہ ماہ ہونے والے صدارتی انتخابات میں صدر پیوٹن کے حریف بورس نیدیژدین ( Boris Nadezhdin) کے کاغذات نامزدگی مستردکردیے۔

روس میں آئندہ ماہ صدارتی انتخابات ہونا ہیں جن میں جنگ مخالف بورس نیدیژدین روسی صدر پیوٹن کے مضبوط حریف سمجھے جارہے تھے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق الیکشن کمیشن حکام کا کہنا ہےکہ  بورس نیدیژدین کے کاغذات نامزدگی میں غلطیاں پائی گئیں۔

خیال رہےکہ  بورس نیدیژدین پیوٹن کی جنگی پالیسیوں کے سخت ناقد رہے ہیں، انہوں نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف اپیل بھی کی تھی تاہم وہ مسترد کردی گئی۔

بورس نیدیژدین کا کہنا ہےکہ  وہ اس فیصلے کو روسی سپریم کورٹ میں چیلینج کریں گے، لاکھوں لوگ ہیں جو مجھے ووٹ کرنا چاہتے ہیں، سروے کے مطابق میں پیوٹن کے بعد دوسرے نمبر پر ہوں۔

یاد رہے کہ روس کے صدارتی انتخابات 15 سے 17 مارچ تک ہونا طے ہیں جب کہ الیکشن میں حصہ لینے والے امیدواران کا آخری فیصلہ ہفتے کو آنا ہے، تاہم  الیکشن کمیشن کے مطابق یہ بات واضح ہے کہ بیلٹ پر صرف چار امیدوار ہوں گے۔

گزشتہ ماہ بی بی سی سے بات کرتے ہوئےبورس نیدیژدین نے وعدہ کیا  تھا کہ صدر منتخب ہونے کے بعد ان کا پہلا کام یوکرین جنگ کا خاتمہ ہوگا اور اس کے بعد روس کے مغربی دنیا سے تعلقات بحال ہوں گے۔

مزید خبریں :