Time 11 فروری ، 2024
پاکستان

نواز شریف کے بعد مریم نواز اور حمزہ شہباز کی جیت بھی چیلنج

پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار شہزاد فاروق نے این اے 119کے آر او کا فیصلہ لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا ہے/فوٹوفائل
پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار شہزاد فاروق نے این اے 119کے آر او کا فیصلہ لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا ہے/فوٹوفائل

مسلم لیگ ن کے قائد اور  سابق وزیراعظم نواز شریف کے بعد مریم نواز  اور حمزہ شہباز کی لاہور سے  کامیابی کو بھی چیلنج کر دیا گیا۔

پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار شہزاد فاروق  نے این اے 119 لاہور کے آر او کا فیصلہ لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا ہے، شہزاد فاروق نے فارم 45 کے مطابق نتیجہ جاری کرنے کی اپیل کی ہے۔

چیف آرگنائزر مسلم لیگ ن مریم نواز  نے لاہور سے قومی اسمبلی کی نشست این اے 119 کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق مریم نواز  83855 ووٹ لے کر کامیاب ہوئیں  جبکہ آزاد امیدوار شہزاد فاروق 68376 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

دوسری جانب عام انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما حمزہ شہباز بھی  این اے 118 سے کامیاب ہو گئے، غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کےمطابق حمزہ شہباز نے 105960 ووٹ لیے تھے اور عالیہ حمزہ ملک کو 100803 ووٹ ملے تھے۔

تاہم اب پاکستان تحریک انصاف کی حمایت یافتہ آزاد امیدوارعالیہ حمزہ   نے این اے 118کے آر او کا فیصلہ لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا ہے، عالیہ حمزہ  نے بھی فارم 45 کے مطابق نتیجہ جاری کرنے کی اپیل کی ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 130 لاہور سے مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نواز شریف کی کامیابی کو  بھی چیلنج کر دیا گیا ۔ہے

پاکستان تحریک انصاف کی حمایت یافتہ آزاد امیدوار ڈاکٹر یاسمین راشد کے وکیل اشتیاق چوہدری نے لاہور ہائیکورٹ میں نواز شریف کی کامیابی کے خلاف درخواست دائر کی ہے۔

درخواست میں ریٹرننگ افسر اور الیکشن کمیشن سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے، درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ نوازشریف فارم 45 کے مطابق الیکشن ہار چکے ہیں۔


مزید خبریں :