11 فروری ، 2024
شادی سے قبل آپریشن تھیٹر میں فوٹو شوٹ کرانے پر ڈاکٹر کو نوکری سے ہاتھ دھونا پڑ گیا۔
دنیا بھر میں لوگ مختلف انداز میں اپنی شادی کے فوٹو شوٹ کروانا پسند کرتے ہیں، کوئی پیٹرول پمپ کا رخ کرتا ہے، تو کوئی اپنے پسندیدہ ہوٹل کا انتخاب کرتا ہے، کوئی ہوائی غبارے پر تصاویر لینا پسند کرتا ہے تو کسی کو سمندر کا کنارہ بھا جاتا ہے۔
اسی طرح بھارتی ریاست کرناٹکا سے تعلق رکھنے والے ایک ڈاکٹر نے اپنی شادی سے قبل آپریشن تھیٹر میں فوٹو شوٹ کروایا جو اسے کافی مہنگا پڑ گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ایک سرکاری اسپتال میں کام کرنے والے ڈاکٹر ابھیشیک نے اپنی ہونے والی دلہن کے ساتھ آپریشن تھیٹر میں فوٹو شوٹ کروایا، جس میں دونوں ایک مریض کا جھوٹا آپریشن کرتے ہوئے نظر آئے جبکہ آپریشن تھیٹر میں دونوں ہنسی مذاق بھی کررہے تھے۔
ڈاکٹر کی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر کافی وائرل ہوئی جس کیخلاف کرناٹکا کے وزیر صحت نے ایکشن لیتے ہوئے ڈاکٹر کو نوکری سے نکال دیا۔
ریاستی وزیر صحت کا کہنا تھا کہ سرکاری اسپتال مریضوں کا علاج کرنے کیلئے ہوتے ہیں نہ کہ ذاتی تقریبات کیلئے، ڈاکٹر کا طرز عمل ناقابل برداشت ہے۔