13 فروری ، 2024
5 آزاد نومنتخب ارکان نےمسلم لیگ ن کے صدر محمد شہباز شریف سے ملاقات کر کے ن لیگ میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔
قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 189 سے شمشیر مزاری، پی پی 195 سے عمران اکرم ، پی پی 240 سے سہیل خان، پی پی 297 سے خضر حسین مزاری اورپی پی 249 سے صاحبزادہ محمد غزین عباسی نےلاہور میں شہباز شریف سےملاقات کی۔
ان ارکان نے نواز شریف پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ن لیگ میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔
اس موقع پر شہباز شریف نےخیر مقدم کرتے ہوئے کہاکہ آپ پاکستان کو سنوارنے اور عوام کو مشکلات سے نجات دلانے والے قافلے کا حصہ بنے ہیں، مسلم لیگ ن کا اولین ایجنڈا ملک اور قوم کی معاشی خوشحالی ہے،ان شاءاللہ، پہلے سے بڑھ کر عوام کی خدمت کریں گے۔
دوسری جانب نومنتخب ارکان نے نواز شریف اور شہباز شریف کی ملک وقوم کیلئے خدمات اور جذبے کو سراہا اور کہا کہ پاکستان کو نواز شریف کے پُرخلوص وژن، ترقی کے ایجنڈےاور خدمت کے تجربے کی ضرورت ہے۔
اس سے قبل پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی97 چنیوٹ سے نومنتخب آزاد امیدوار ثاقب خان چدھڑ مسلم لیگ ن میں شامل ہوئے تھے جبکہ لاہور سے نومنتخب ایم این اے اور پاکستان تحریک انصاف کے جنرل سیکرٹری لاہور وسیم قادر بھی مسلم لیگ ن میں شامل ہوئے تھے۔