13 فروری ، 2024
مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو اتحاد میں شامل ہونے کی دعوت دے دی۔
اسلام آباد میں مسلم لیگ ن کے وفد نے مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پر ان سے ملاقات کی جس کی اندرونی کہانی بھی سامنے آگئی ہے۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں شہباز شریف نے مولانا فضل الرحمان سے کہا کہ ہم آپ سے ہمیشہ رہنمائی لیتے ہیں، اس وقت ملک و قوم کو آپ کی پھر ضرورت ہے،یقین کریں اس وقت کوئی بھی خوشی سے حکومت لینے کا خواہاں نہیں، آپ ایک مرتبہ پھر ہم سب کی رہنمائی فرمائیں۔
ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے شہباز شریف کو اپنے تحفظات سے آگاہ کیا اور جے یوآئی کے ساتھ مبینہ دھاندلی کی شکایات کیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ ملک و قوم کے لیے قربانیاں ہی دیں، ہمارا مینڈیٹ چوری ہوا ،جماعت کی اکثریت کی رائے ہے کہ ہم اپوزیشن میں بیٹھیں۔
ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے شہباز شریف کو کہا کہ میاں صاحب! اس الیکشن میں بھی ہمارے ساتھ وہ ہوا جس کی کوئی مثال نہیں ملتی، آپ کی تجاویز اپنی مجلس شوری کے اجلاس میں ضرور رکھوں گا، امید ہے پاکستانی عوام کی بھلائی اور بہتری کے لیے مثبت فیصلے ہوں گے، جو بھی فیصلہ ہوگا آپ کو آگاہ کردوں گا۔