14 فروری ، 2024
سربراہ مجلس وحدت المسلمین (ایم ڈبلیو ایم) علامہ ناصر عباس نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کیساتھ انڈراسٹینڈنگ ہے، خون کے آخری قطرے تک بانی پی ٹی آئی کے ساتھ ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز پی ٹی آئی کے ترجمان رؤف حسن نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ پی ٹی آئی نے وفاق اور پنجاب میں ایم ڈبلیو ایم کے ساتھ مل کر حکومت بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔
رؤف حسن کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ انٹرا پارٹی انتخابات جتنی جلدی ہو کروا دیے جائیں، کے پی میں ہم حکومت کی تشکیل کی طرف جا رہے ہیں جبکہ وفاق اور پنجاب میں ایم ڈبلیو ایم کے ساتھ اتحاد کریں گے۔
رؤف حسن کے مطابق جماعت اسلامی کے ساتھ خیبرپختونخوا میں حکومت بنائی جائے گی۔
ادھرجماعت اسلامی خیبرپختونخوا نے پی ٹی آئی کی جانب سے جماعت اسلامی سے مل کر حکومت بنانے کے اعلان کے ردعمل میں کہا تھا کہ ہمارا پی ٹی آئی کے ساتھ کوئی اتحاد نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کا اختیار ہے کہ جس کے ساتھ چاہے حکومت بنائے لیکن ان کے جماعت اسلامی کا نام استعمال کرنے کا اخلاقی جواز نہیں بنتا۔
دوسری جانب تحریک انصاف کی جانب سے مرکز اور پنجاب میں ایم ڈبلیوایم کے ساتھ مل کر حکومت بنانے کےاعلان کے بعد جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے سابق سیکرٹری الیکشن کمیشن کنور دلشاد کا کہنا تھا کہ انتخابی نشان رکھنے والی سیاسی جماعت اگر کوئی نشست نہ جیت سکے تو بھی آزاد امیدوار اس میں شامل ہوسکتے ہیں۔