Time 14 فروری ، 2024
پاکستان

جے یو آئی ف کی مجلس عاملہ نے حکومت میں شامل نہ ہونے کی تجویز دے دی

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

جمیعت علمائے اسلام (جے یو آئی ایف) کی مرکزی مجلسِ عاملہ کے اجلاس میں ارکان نے حکومت میں شامل نہ ہونے کی تجویز دے دی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس کے دوران مرکزی مجلس عاملہ کے اراکین نے تجویز دی کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ کو بھی اپوزیشن میں بیٹھنے کیلئے قائل کیا جائے۔

ذرائع کے مطابق مجلس عاملہ کی تجاویز پر مشاورت کیلئے جے یو آئی کی مجلسِ عمومی کا اجلاس دس روز کے اندر بلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ن لیگ کے صدر شہباز شریف کی سربراہی میں ن لیگی وفد نے اسلام آباد میں مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پر پہنچ کر انہیں حکومت میں شامل ہونے کی دعوت دی تھی۔

ن لیگی وفد کی مولانا فضل الرحمان سے ملاقات میں شہباز شریف نے مولانا فضل الرحمان سے کہا کہ ہم آپ سے ہمیشہ رہنمائی لیتے ہیں، اس وقت ملک و قوم کو آپ کی پھر ضرورت ہے،یقین کریں اس وقت کوئی بھی خوشی سے حکومت لینے کا خواہاں نہیں، آپ ایک مرتبہ پھر ہم سب کی رہنمائی فرمائیں۔

ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے شہباز شریف کو اپنے تحفظات سے آگاہ کیا اور جے یوآئی کے ساتھ مبینہ دھاندلی کی شکایات کیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ ملک و قوم کے لیے قربانیاں ہی دیں، ہمارا مینڈیٹ چوری ہوا ،جماعت کی اکثریت کی رائے ہے کہ ہم اپوزیشن میں بیٹھیں۔

مزید خبریں :