Time 14 فروری ، 2024
پاکستان

اے این پی کا انتخابی نتائج کیخلاف احتجاجی تحریک چلانے کا اعلان

انتخابی نتائج میں ردو بدل کے خلاف احتجاجی تحریک کا آغاز 20 فروری سے ہو گا: اے این پی۔ فوٹو فائل
انتخابی نتائج میں ردو بدل کے خلاف احتجاجی تحریک کا آغاز 20 فروری سے ہو گا: اے این پی۔ فوٹو فائل

پشاور: عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی ) نے 8 فروری کو ہونے والے انتخابات کے نتائج میں ردوبدل کے خلاف احتجاجی تحریک شروع کرنےکا فیصلہ کیا ہے۔

8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات میں اے این پی قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں مکمل طور پر ناکام رہی اور کوئی بھی نشست حاصل نہ کر سکی، اسی معاملے پر اے این پی کے رہنما اور سابق وزیراعلیٰ کے پی امیر حیدر خان ہوتی نے تمام پارٹی عہدوں سے مستعفی ہونے کا اعلان بھی کیا تھا۔

اے این پی کا کہنا ہے کہ انتخابی نتائج میں ردو بدل کے خلاف احتجاجی تحریک چلانے کا فیصلہ کیا ہے جس کا آغاز 20 فروری کو ضلع صوابی سے ہو گا، مظاہرے میں صوبائی و مرکزی قیادت، امیدواران اور کارکنان شریک ہوں گے جبکہ دوسرا احتجاجی مظاہرہ چارسدہ میں 23 فروری کو کیا جائے گا۔

اے این پی کے مطابق صوابی اور چارسدہ کے بعد پورے صوبے میں احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل عوامی نیشنل پارٹی ( اے این پی) کے رہنما ایمل ولی خان نے عام انتخابات کے نتائج مسترد کرتے ہوئے خیبرپختونخوا کے بیشتر انتخابی حلقے کھولنے کا مطالبہ کیا تھا۔

مزید خبریں :