16 فروری ، 2024
مسلم لیگ فکشنل اور گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) کے سربراہ پیر پگارا نے کہا ہے کہ جوکھچڑی بن گئی ہے 8 سے 10 ماہ سے زیادہ یہ حکومت نہیں چلے گی اور فوج نے سب کوآزمالیا اب آزمانے میں بچا کیا ہے؟ ہوسکتا ہے ایمرجنسی یا مارشل لا لگ جائے، یہی عدلیہ لیگل کور دے گی۔
جامشورو میں انتخابی نتائج کے خلاف دھرنے سے خطاب میں پیر پگاڑا کا کہنا تھاکہ آپ لوگوں نےنوٹ کیا ہوگاکہ میں الیکشن کے دوران کہیں نہیں نکلا اپنےگھر میں رہا، دوستوں نے کہا جلسہ کریں میں نے منع کر دیا اور کہا کہ جلسہ مفت میں نہیں ہوتا 8 سے 10 کروڑ خرچ ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن سے ڈھائی تین ماہ پہلے نتیجہ بُک چکا تھا اورپیمنٹ بھی ہوچکی تھی۔
ان کا کہنا تھاکہ فوج ہماری ہے وہ ہماری فیڈریشن کوسنبھالے ہوئے ہیں، سوچ بھی نہیں سکتا کہ ہم فوج سے دور ہوں گے، اب فوج کے علاوہ کوئی وفاق نہیں سنبھال سکتا، ہم فوج کی وجہ سے عزت اورسکون سے بیٹھے ہوئے ہیں، ہمارا احتجاج الیکشن پر ڈاکا ڈالنے کے خلاف ہے، الیکشن نے ثابت کردیا کوئی لیڈر قومی سطح کا نہیں سب صوبائی لیڈر ہیں۔
پیرپگارا نے کہا کہ سیاست سے دور رہتا ہوں کیونکہ جھوٹ بولنا پڑتا ہے، جو جتنا اچھا جھوٹ بول سکتا ہے وہ اتنا اچھا لیڈربن سکتا ہے۔
ان کا کہنا تھاکہ میری نظرمیں بانی پی ٹی آئی چورنہیں، اگربانی پی ٹی آئی چورہے توہم سب بھی چورہیں، توشہ خانہ کے معاملے پربانی پی ٹی آئی سےغلطی ہوگئی ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ جوکھچڑی بن گئی ہے 8 سے 10 ماہ سے زیادہ یہ حکومت نہیں چلے گی، مڈل کلاس ختم ہوتی جارہی ہے، اب اس الیکشن کے بعد مہنگائی آسمان پرجائے گی، مہنگائی بڑھے گی تومڈل کلاس ختم ہوجائے گا، معاشرہ امیریا غریب نہیں چلاتا مڈل کلاس چلاتا ہے، جب مڈل کلاس ختم ہوا تومعاشرہ ختم ہوجائے گا۔
پیر پگارا کا کہنا تھاکہ دوستوں نے کہا کہ الیکشن کا بائیکاٹ کریں، اگر کچھ دوستوں کےکہنے پر ہم الیکشن کابائیکاٹ کرتے تو ان کو ایکسپوز نہیں کرسکتےتھے، فوج نے سب کوآزمالیا اب آزمانے میں بچا کیا ہے؟ ہوسکتا ہے ایمرجنسی یا مارشل لا لگ جائے، یہی عدلیہ لیگل کور دے گی۔