18 فروری ، 2024
راولپنڈی کے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر اور ڈپٹی کمشنر حسن وقار چیمہ نے کہا ہے کہ کمشنر اور ڈی آر او انتخابات کو سپروائز کرتے ہیں مگر الیکشن عمل میں ان کا کوئی کردار نہیں ہوتا۔
جیو نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے حسن وقار چیمہ نے کہا کہ کمشنر اور ڈی آر او کا کام الیکشن سے قبل کوآرڈینیشن اور ٹریننگ میں مدد کرنا ہے، ان کا نتائج بھی سے کوئی تعلق ہوتا ہے اور نہ ہی نتائج پر کوئی اثر ہوتا ہے۔
ڈپٹی کمشنر اور ڈی آر او راولپنڈی حسن وقات چیمہ کا کہنا تھا کہ نتائج کے معاملے پر ریٹرننگ افسر اور الیکشن کمیشن براہ راست رابطے میں ہوتے ہیں۔
یاد رہے کہ کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ نے عام انتخابات میں بے ضابطگیوں کا اعتراف کرتے ہوئے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ کا کہنا تھا میں نے انتخابات کے دوران راولپنڈی ڈویژن میں نا انصافی کی، ہم نے ہارے ہوئے امیدواروں کو 50، 50 ہزار کی لیڈ میں تبدیل کر دیا، راولپنڈی ڈویژن کے 13 ایم این ایز ہارے ہوئے تھے، انہیں 70، 70ہزار کی لیڈدلوائی اور ملک کے ساتھ کھلواڑکیا۔
لیاقت علی چٹھہ کا کہنا تھا راولپنڈی ڈویژن میں انتخابی دھاندلی کی ذمہ داری قبول کرتا ہوں اور اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کرتے ہوئے اپنے آپ کو پولیس کے حوالے کرتا ہوں، مجھے راولپنڈی کے کچہری چوک میں سزائے موت دی جائے۔