18 فروری ، 2024
پاکستان تحریک انصاف خیبر پختونخوا کی پارلیمانی پارٹی اجلاس میں کئی ارکان نے پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرینز میں ضم ہونے کی مخالفت کردی۔
خیبرپختونخوا کے نامزد وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کی صدارت پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا جس میں ہزارہ اور مالاکنڈ ڈویژن کے رہنماؤں نے پی ٹی آئی پی سے مذاکرات پر تحفظات کا اظہار کیا۔
اجلاس میں کئی ارکان اسمبلی نے پی ٹی آئی پی میں ضم ہونے کی مخالفت کی اور مؤقف اختیار کیا کہ حکومت سازی کیلئے پرویزخٹک اورمحمود خان کی پارٹی کاسہارا لینا مناسب نہیں۔
اجلاس میں صوبے میں حکومت سازی کے امور پر گفتگو کی گئی اور 10 روز میں حکومت سازی کے امور طے کرنے پر زور دیا گیا جبکہ اراکین اسمبلی کو پشاور میں ہی رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اجلاس کے بعد پارٹی رہنما بیرسٹر سیف نے جیو نیوز کو بتایاکہ پی ٹی آئی پارلیمنٹیرینز کے ساتھ اب تک کوئی باضابطہ رابطہ نہیں ہوا، حکومت سازی سے متعلق ابھی تک کسی سیاسی جماعت سے حتمی بات نہیں ہوئی۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز خبر سامنے آئی تھی کہ پی ٹی آئی پی سے مذاکرات کامیاب ہو چکے ہيں اورمعاہدے کے تحت ہی پرویزخٹک نے پارٹی چیئرمین شپ اور بنیادی رکنیت سے استعفیٰ دیا جس کے بعد پی ٹی آئی پارلیمنٹیرینز کی چیئرمین شپ کا عہدہ پی ٹی آئی کو ملے گا ۔