20 فروری ، 2024
پرچہ آؤٹ ہونے پر سندھ پبلک سروس کمیشن (ایس پی ایس سی) نے آج کا امتحان منسوخ کردیا۔
سندھ پبلک سروس کمیشن کا ٹیسٹ پیپر ایک روز قبل آؤٹ ہوگیا تھا، این ای ڈی یونی ورسٹی کراچی میں امیدواروں کے امتحانی ہال پہنچنے پر انتظامیہ کی جانب سے بتایا گیا کہ ٹیسٹ ملتوی کردیا گیا ہے، جس کے بعد انتظامیہ اور امیدواروں کے درمیان بد نظمی ہوئی اور متعلقہ تھانے کی پولیس نے پہنچ کر معاملےکو حل کرانےکی کوشش کی۔
خیال رہےکہ سیکنڈری اسکول ٹیچرگریڈ 16 کی اسامیوں کے لیے آج ٹیسٹ ہونا تھا۔
حیدرآباد میں بھی سبجیکٹ اسپیشلسٹ کا امتحان ملتوی ہوگیا، طلبا نے احتجاجاً سڑک بندکردی۔
سندھ پبلک سروس کمیشن کے مطابق پرچہ لیک ہونےکی اطلاعات ملی تھیں،کمیشن کی ساکھ کو برقرار رکھنےکے لیے ٹیسٹ منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا۔
ترجمان چیئرمین سندھ پبلک سروس کمیشن کے مطابق معاملےکی تحقیق کر رہے ہیں، منسوخ کیے گئے ٹیسٹ کی نئی تاریخ کا اعلان جلد کیا جائے گا۔
چیئرمین سندھ پبلک سروس کمیشن نے پیپر لیک میں مبینہ طورپر ملوث 8 افسران اور ملازمین کو معطل بھی کردیا ہے۔
ذرائع کے مطابق آٹھوں ملازمین کوپولیس نے حراست میں لےلیا ہے اور ان کے موبائل فون کمپوٹرز، لیپ ٹاپ اور دیگر سامان بھی پولیس نے قبضے میں لے لیا ہے۔
ذرائع کےمطابق ڈی آئی جی حیدرآباد پولیس پیپر آؤٹ ہونےکے واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔