Time 21 فروری ، 2024
پاکستان

'میرا پرنس چارمنگ اور بھائی شہباز شریف'، زرداری کے جملوں پر بلاول کا دلچسپ ردعمل وائرل

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اس وقت دلچسپ ردعمل دیا جب ان کے والد نے انہیں پرنس چارمنگ اورشہباز شریف کو بھائی کہہ کر پکارا۔

پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ نواز کے درمیان وفاق اور صوبوں میں حکومت سازی کے معاملات طے پاچکے ہیں۔

گزشتہ روز اسلام آباد میں شہباز شریف اور آصف زرداری کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ نے حکومت سازی کے لیے اپنے نمبر پورے کرلیے ہیں، وزیراعظم کے لیے شہباز شریف دونوں پارٹیوں کے متفقہ امیدوار ہوں گے جب کہ آصف زرداری صدر کے لیے مشترکہ امیدوار ہوں گے۔

تاہم دونوں جماعتوں کی قیادت کی مشترکہ پریس کانفرنس کے آغاز میں آصف علی زرداری نے بیٹے کو 'پرنس چارمنگ' کہہ کر پکارا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

زرداری نے بلاول کے کاندھے پر ہاتھ رکھتے ہوئے کہا 'میرا پرنس چارمنگ'، ساتھ ہی انہوں نے شہباز شریف کو 'مائی برادر (میرا بھائی)' کہہ کر پکارا جس پر بلاول کے چہرے کے تاثرات سب نے نوٹ کیے۔

خود کو پرنس چارمنگ سن کر بلاول نے حیرانی والے تاثرات دیے اور ہلکی سی مسکراہٹ ان کے چہرے پر تھی جب کہ شہباز شریف کو زرداری کی جانب سے بھائی پکارے جانے پر بلاول نے بمشکل ہنسی قابو کی۔

زرداری کا شہباز شریف سے متعلق یہ تبصرہ ایک کشیدہ سیاسی ماحول کے درمیان سامنے آیا، جب حکومت سازی کے لیے مذاکرات میں مصروف دونوں جماعتیں آخر کار مسلم لیگ (ن) کو وزارت عظمیٰ کے عہدے کے لیے ہاتھ ملانے پر راضی ہوگئیں جب کہ پی پی پی کے شریک چیئرمین صدر کے لیے مشترکہ امیدوار ہوں گے۔

البتہ زرداری کے پرنس چارمنگ کے تبصرے پر ناصرف بلاول نے ردعمل دیا بلکہ سوشل میڈیا صارفین بھی خوب محظوظ ہوئے۔

ممتاز قانون دان ریما عمر نے زرداری کی جانب سے اپنے بیٹے کو پرنس چارمنگ کہنے پر بلاول کے بے ساختہ ردعمل کو 'متعلقہ' قرار دیا، یعنی جب بھی والدین بھری محفل میں بچوں کی تعریف کریں تو زیادہ تر بچوں کا یہی ردعمل ہوتا ہے۔

ایک اور صارف نے کہا 'پاکستانی والدین پاکستانی والدین ہی ہوتے ہیں، اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ وہ کون ہیں اور کیا کرتے ہیں'۔

 ایک اور سوشل میڈیا صارف نے لکھا کہ 'ہم سب اس احساس کو جانتے ہیں جو اس وقت بلاول نے محسوس کیا ہوگا'۔


مزید خبریں :