21 فروری ، 2024
پنجاب میں گورنر کے عہدے کے لیے ممکنہ نام سامنے آگئے۔
ذرائع کے مطابق گورنر پنجاب کے لیے مخدوم احمد محمود، قمر زمان کائرہ اور ندیم افضل چن کے نام زیر غور ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مخدوم احمد محمود پارٹی قیادت کی پہلی ترجیح ہوں گے اور وہ مسلم لیگ (ن) کے لیے بھی قابل قبول ہوں گے۔
واضح رہے کہ وفاق اور صوبوں میں حکومت سازی کے لیے مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے درمیان معاملات طے پاگئے ہیں جس کے تحت شہباز شریف وزیراعظم ہوں گے اور آصف زرداری صدر مملکت کے لیے مشترکہ امیدوار ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق چیئر مین سینیٹ پیپلزپارٹی اور ڈپٹی چیئر مین (ن) لیگ کا ہوگا جب کہ اسپیکر قومی اسمبلی (ن) لیگ اور ڈپٹی اسپیکر پیپلزپارٹی کا ہوگا۔
ذرائع نے بتایاکہ بلوچستان کا وزیراعلیٰ پیپلزپارٹی کا ہوگا، (ن) لیگ اورپیپلزپارٹی مل کرحکومت بنائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گورنر سندھ و بلوچستان (ن) لیگ اور گورنر پنجاب پیپلز پارٹی کا ہوگا، پیپلز پارٹی پنجاب کی صوبائی کابینہ میں بھی شامل نہیں ہوگی۔
دوسری جانب ایم کیوایم نے سندھ کےلیےگورنرشپ اور وزارتوں پر بھی مطالبات کر رکھے ہیں جب کہ ایم کیوایم کامران ٹیسوری کو گورنر کے عہدے پر برقرار رکھنے کا مطالبہ کررہی ہے۔