22 فروری ، 2024
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹر گوہرعلی خان نے کہا ہے کہ 3 مارچ کو ہونے والے انٹرا پارٹی الیکشن میں بیرسٹر علی ظفر چیئرمین اور عمر ایوب جنرل سیکرٹری کیلئے امیدوار ہوں گے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نے بیرسٹر گوہرعلی خان نے کہا کہ ہم سب پارلیمانی کردار ادا کریں گے اور بیرسٹر علی ظفر کو کامیاب کرائیں گے۔
بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں معیشت بہتری کی طرف جائے، اگر الیکشن صاف و شفاف نہیں ہوں گے تو معیشت کو نقصان ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ جن کے پاس حق حکمرانی نہیں ہے وہ غاصب کے طور پر کرسیوں پر بیٹھیں گے، عدالت سے تیزی کے ساتھ ہونے والے فیصلوں کو ساری دنیا نے دیکھا ہے، بانی پی ٹی آئی کا جیل میں ہونا غیرقانونی اور غیرآئینی ہے، تحریک انصاف پارلیمنٹ کا حصہ بنے گی اور آگے بڑھے گی۔
انہوں نے کہا کہ انٹرا پارٹی الیکشن میں بیرسٹر علی ظفر چیئرمین اور عمر ایوب جنرل سیکرٹری کیلئے امیدوار ہوں گے۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے انٹرا پارٹی انتخابات 3 مارچ کو کرانےکا اعلان کیا ہے۔
تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی انتخابات کا شیڈول جاری کردیا گیا ہے جس کے مطابق انٹرا پارٹی انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی23 اور 24 فروری کو جمع کرائے جا سکتے ہیں۔
شیڈول میں کہا گیا کہ پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات کے لیے اسکروٹنی 25 فروری کو ہوگی، پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات میں کاغذات نامزدگی پر فیصلے27 فروری تک ہوں گے۔
اس کے علاوہ پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات کے لیے پولنگ 3 مارچ کو ہوگی۔
انٹرا پارٹی انتخابات کے لیے پولنگ سینٹرل آفس سمیت چاروں صوبائی سیکرٹریٹ میں ہوگی۔