23 فروری ، 2024
الیکشن کمیشن کی جانب سے بلوچستان اسمبلی کیلئے خواتین کی 11 اور اقلیتوں کی 3 مخصوص نشستوں کا اب تک نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا جا سکا ہے۔
ذرائع کے مطابق غیر سرکاری غیر حتمی نتائج کے تحت پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کو خواتین کی 3-3 اور اقلیتوں کی 1-1 نشست جبکہ جمعت علمائے اسلام ف کوخواتین کی 2 اور اقلیتوں کی ایک مخصوص نشست ملنے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق بلوچستان اسمبلی کیلئے بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی)، نیشنل پارٹی اور عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کو خواتین کی ایک ایک مخصوص نشست ملنے کا امکان ہے۔
سیاسی جماعتوں کی جانب سے الیکشن کمیشن میں جمع کرائی گئی ترجیحی فہرستوں کی بنیاد پر بلوچستان اسمبلی کیلئے پیپلزپارٹی کی غزالہ گولہ، مینا مجید اور شہناز عمرانی، ن لیگ کی راحیلہ درانی، ہادیہ نواز اور ربابہ بلیدی کے منتخب ہونے کا امکان ہے۔
جمعیت علمائے اسلام ف کی شاہدہ رؤف اور صفیہ، بلوچستان عوامی پارٹی سے فرح عظیم شاہ، نیشنل پارٹی سے ام کلثوم اور اے این پی سے سلمیٰ بی بی کے منتخب ہونے کے امکانات ہیں۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے پنجاب اسمبلی اور سندھ اسمبلی میں مخصوص نشستوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔