23 فروری ، 2024
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور نو منتخب رکن اسمبلی شیر افضل مروت کا کہنا ہے کہ بیرسٹر گوہر کو چیئرمین کے عہدے سے ہٹانے کے پیچھے نااہلی اور خراب کارکردگی ہے۔
جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما شیر افضل مروت کا کہنا تھا بیرسٹر گوہر شریف آدمی ہیں لیکن ان کی کارکردگی اطمینان بخش نہیں تھی۔
شیر افضل مروت کا کہنا تھا بیرسٹر گوہر علی خان کو چیئرمین شپ کے عہدے سے ہٹانے کے پیچھے ان کی نااہلی اور خراب کارکردگی ہے، پارٹی آفس چلانے کے لیے ہر وقت متحرک رہنا ہوتا ہے لیکن ایسا نہ ہوا۔
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا تین ماہ کا وقت بیرسٹر گوہر کو ملا لیکن وہ کامیاب نہ ہو سکے، ورکرز کے احتجاج سمیت دیگر توقعات تھیں جس میں بیرسٹر گوہر ناکام ہوئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ انتخابی نتائج کے بعد قیادت کی اپروچ قابل ستائش نہ تھی، بیرسٹر گوہر کو لیڈ کرنا چاہیے تھا لیکن وہ ناکام رہے۔
یاد رہے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے الیکشن سے چند روز قبل جن انتخابات کا اعلان کیا گیا تھا اس میں بیرسٹر گوہر کو چیئرمین شپ کے عہدے پر نامزد کیا گیا تھا جبکہ گزشتہ روز تحریک انصاف کی جانب سے انٹرا پارٹی الیکشن کے شیڈول کا اعلان کیا گیا جس میں بتایا گیا کہ بیرسٹر علی ظفر چیئرمین کے امیدوار ہوں گے۔