Time 23 فروری ، 2024
دنیا

غزہ میں اسرائیلی بمباری سے مزید 40 سے زائد فلسطینی شہید

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

وسطی غزہ میں اسرائیلی بمباری سے مزید 40 سے  زائد فلسطینی شہید اور 100 سے زائد زخمی  ہوگئے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق مغربی کنارے کے شہر جنین میں کار پر اسرائیلی حملے میں ایک فلسطینی نوجوان شہید جبکہ 15 زخمی ہوگئے۔

7 اکتوبر سے جاری اسرائیل کے وحشیانہ حملوں میں فلسطینی شہدا کی تعداد 29 ہزار 550 تک جا پہنچی ہے۔

اقوام متحدہ کےمطابق غزہ میں شہید ہونےوالوں میں 90 فیصدخواتین اور بچے شامل ہیں جبکہ عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے غزہ میں انسانی اور صحت کی صورتحال تباہ ہونے سے غزہ ڈیتھ زون بن گیا ہے۔

دیگر امدادی تنظیموں نے بھی غزہ میں پانی، خوراک سمیت زندگی کی بنیادی ضروریات کی شدید ترین قلت کی تصدیق کی ہے۔

غزہ میں کام کرنے والی 18 انسانی امدادی تنظیموں کے سربراہان نے مشترکہ بیان میں خبردار کیا ہےکہ غزہ میں پانی سمیت زندہ رہنےکے لیے بنیادی ضروریات کی "شدید قلت" ہے اور رفح میں مزید کشیدگی امدادی عمل کو مزید تباہ کردےگی۔

ادھر حزب اللہ نے ایک دن میں اسرائیل پر 12 حملے کردیے جس میں فوجی اڈوں اور دو عمارتوں میں جمع فوجیوں کو نشانہ بنایا۔ ان حملوں میں حزب اللہ کے بھی 2 ارکان شہید ہوئے۔

اس کے علاوہ یمنی حوثیوں نے بحیرہ احمر میں ڈرون اور میزائل حملے کیےجس سے برطانیہ کے جہاز کو نقصان پہنچا۔

اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے غزہ میں جنگ کے بعد کے منصوبے میں فلسطینی انکلیو پر حکومت کرنے کے لیے مقامی اہلکاروں کی تعیناتی اور اسرائیلی فوج کی موجودگی شامل ہے۔

دوسری جانب حماس کا کہناہےکہ اس قسم کا کوئی بھی منصوبہ ناکامی سے دوچار ہوگا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکی صدر جو بائیڈن کا کہنا ہے کہ فلسطینی حماس کی دہشت گردی کا خمیازہ بھگت رہے ہیں جبکہ یورپی پالیسی چیف نے کہا کہ اسرائیل کو فلسطینی ریاست پر ویٹو کا حق نہیں دیا جاسکتا۔

مزید خبریں :